عوام کو معیاری اشیائے ضروریہ کی سستے داموں فراہمی کیلئے 5 ارب روپے کے رمضان پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے:شہبازشریف، صوبہ بھر میں 360رمضان بازار لگائے جائیں گے، آٹے کا تھیلا اور اشیائے ضروریہ مارکیٹ سے کم نرخوں پر دستیاب ہوں گی، مفت سحری و افطاری کیلئے2ہزارمدنی دستر خوان لگائے جائیں گے، وزراء او رسیکرٹریزرمضان بازاروں کے باقاعدگی سے دورے کرینگے،رمضان پیکیج کی ایک ایک پائی غریب عوام تک پہنچانے کیلئے تمام متعلقہ ادارے متحرک کردار ادا کریں،وزیراعلیٰ کااجلاس سے خطاب

بدھ 11 جون 2014 21:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11جون۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو معیاری اشیائے ضروریہ کی رعائتی نرخوں پر فراہمی کیلئے 5 ارب روپے کے رمضان پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے اور صوبہ بھر میں رمضان المبارک کے دوران 360رمضان بازار لگائے جائیں گے۔ رمضان بازار وں میں آٹے کا تھیلا مارکیٹ سے سستے داموں دستیاب ہوگا۔

جبکہ دیگر اشیائے ضروریہ بھی کم نرخوں پر فراہم کی جائیں گی۔ عوام کو مفت سحری اور افطاری کی سہولت کے لئے 2000مدنی دستر خوان لگائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار رمضان پیکیج کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے تمام صوبائی وزراء او رسیکرٹری صاحبان رمضان بازاروں کے باقاعدگی سے دورے کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ ماہ مقدس کی آمد سے قبل رمضان بازاروں کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کئے جائیں۔ رمضان المبار ک کے دوران گھی کے نرخوں میں کمی کے حوالے سے گھی مل مالکان جبکہ مرغی کے گوشت اور انڈوں کے نرخوں میں کمی کیلئے پولٹری ایسوسی ایشن سے بات چیت کی جائے تاکہ رمضان المبارک میں گھی اور پولٹری عوام کو سستے داموں دستیاب ہو۔ انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں معیاری اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر فراہمی ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے گی۔

اشیاء کے معیار اور نرخوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اس حوالے سے اگر کسی ضلع سے شکایت آئی تو ضلعی انتظامیہ ذمہ دار ہو گی۔ ضلعی مانیٹرنگ کمیٹیاں رمضان بازاروں کے دورے کر کے اشیاء کے معیار اور قیمتوں کی نگرانی کریں گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ضلعی مانیٹرنگ کمیٹیوں کو مجسٹریٹ کے اختیار ات دئیے جائیں۔ رمضان بازاروں میں سکیورٹی اور گاڑیوں کی پارکنگ کے حوالے سے بہترین انتظامات کئے جائیں۔

رمضان پیکیج کی ایک ایک پائی غریب عوام تک پہنچانے کیلئے تمام متعلقہ ادارے متحرک کردار ادا کریں۔ غریب عوام کو ریلیف کی فراہمی ہم سب کی قومی، ملی اور مذہبی ذمہ داری ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدور اور دیگر عہدیداران بھی رمضان بازاروں کے دورے کر کے عوام کو ریلیف کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ سبسڈی پر صرف غریب آدمی کا حق ہے اور یہ حق اسے دینا ہوگا۔

ٹھنڈے کمروں میں بیٹھ کر غریب آدمی کی تکالیف کا احساس نہیں کیا جا سکتا، غریب کو ریلیف کی فراہمی کے لئے سب کو میدان عمل میں آنا ہوگا ۔ کابینہ کمیٹی رمضان پیکیج پر عملدرآمد کے حوالے سے تمام انتظامات کا جائزہ لے کر انہیں جلد حتمی شکل دے۔ سیکرٹری صنعت نے عوام کو رمضان المبارک کے دوران ریلیف کی فراہمی کے لئے ایکشن پلان بارے تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے بھر میں 360رمضان بازاروں اور فیئر پرائس شاپس کے قیام کے حوالے سے انتظامات کر لئے گئے ہیں۔ رمضان بازاروں کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا نظام وضع کر لیا گیاہے۔ ایم این اے حمزہ شہباز، صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ، رانا مشہود احمد، محمد شفیق، بلال یاسین، ڈاکٹر فرخ جاوید، چیف سیکرٹری اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :