ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ایئرپورٹ حملے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی

بدھ 11 جون 2014 23:19

ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ایئرپورٹ حملے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11جون۔2014ء) ایئرپورٹ حملے کی تحقیقات کے لئے ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو نے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق حملے کی تحقیقات کے لئے تشکیل دی گئی کمیٹی کی سربراہی ڈی آئی جی ایسٹ منیر شیخ کریں گے جبکہ دیگر اراکین میں ایس ایس پی ایسٹ پیر محمد شاہ، ایس ایس پی ملیر راؤ انوار اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن شامل ہوں گے اور تحقیقاتی کمیٹی روزانہ کی بنیاد پراپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے میرپور خاص میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایئرپورٹ حملے کو ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کی نااہلی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایئرپورٹ کی سیکیورٹی صوبائی حکومت کی نہیں بلکہ وفاق کی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل وزیر اعظم نواز شریف کے مشیر برائے ہوا بازی شجاعت عظیم نے کراچی ایئرپورٹ پر واقع نجی کارگو کمپلیکس کے کولڈ اسٹوریج میں 7 افراد کی ہلاکتوں کی تحقیقات کے لئے بھی ایئر کموڈور نور الہٰی کی سربراہی میں 3 رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی جو واقعے کی تحقیقات کرکے ایک ہفتے میں رپورٹ پیش کرے گی۔

واضح رہے کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب کراچی ایئرپورٹ پر ہونے والے حملے کے نتیجے میں اے ایس ایف، رینجرز اور پولیس کے جوانوں سمیت 29 افراد شہید جبکہ 10 حملہ آور بھی مارے گئے تھے جس کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی تھی جبکہ آج اسلامک موومنٹ آف ازبکستان نے بھی اس کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

متعلقہ عنوان :