ٹیلی وی چینلز پرمسلح افواج کے افسران اور جوانوں کا مورال بلند کرنے کیلئے ملی نغمے نشرکیے جائیں

جمعہ 27 جون 2014 22:27

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7 2جون 2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے الیکٹرانک میڈیا کے مالکان اور مدیران سے پرزوراپیل کی ہے کہ ٹی وی چینلز پر دیگر پروگراموں کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کے خلاف نبردآزما مسلح افواج کے افسران اور جوانوں کا مورال بلند کرنے کیلئے ملی نغمے بھی نشرکیے جائیں ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ قائد تحریک الطاف حسین الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں سے پہلے بھی یہ درخواست کرچکے ہیں کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصروف پاک فوج سے اظہاریکجہتی اور دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں مصروف فوجی افسران وجوانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے ٹی وی چینلز پر ملی نغمے نشرکیے جائیں ۔

رابطہ کمیٹی نے کہاکہ پاک فوج کے افسران اور جوان پاکستان کی سلامتی وبقاء کیلئے اپنی جانیں ہتھیلی پر رکھ کر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصروف ہیں اور اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم کا بچہ بچہ مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے اور پاکستان کی بقاء وسلامتی کیلئے ہرقسم کی قربانیاں پیش کرنے کیلئے تیار ہے ۔

رابطہ کمیٹی نے الیکٹرانک میڈیا کے مالکان اور مدیران سے پرزوراپیل کی کہ وہ پاک فوج کے افسران اور جوانوں کی حوصلہ افزائی اورپاک فوج کے مورال کو بلندکرنے کیلئے ٹیلی ویژن پر دیگر پروگراموں کے ساتھ ساتھ باقاعدگی سے ملی نغمے نشرکرنے کا بھی اہتمام کریں اوردہشت گردوں کے خلاف نبردآزما پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں کے حوالہ سے خصوصی پروگرام بھی نشرکیے جائیں۔