مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور چیف سیکرٹری نوید اکرم چیمہ نے میو ہسپتال میں مکمل ہونے والے منصوبوں کا فتتاح کردیا

ہفتہ 5 جولائی 2014 18:40

لاہور ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 5جولائی 2014ء) وزیراعلی پنجاب کے مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق اور چیف سیکرٹری نویداکرم چیمہ نے میو ہسپتال میں مخیر حضرات کے تعاون سے مکمل ہونے والے متعدد منصوبوں کا افتتاح کیا۔ان منصوبوں پر مجموعی طور پر 354 ملین روپے لاگت آئی ہے جو صاحب ثروت حضرات نے فراہم کئے۔میو ہسپتال میں مخیر شخصیات کے مالی تعاون سے جو منصوبے مکمل کئے گئے ان میں نیفرولوجی ڈیپارٹمنٹ میں کڈنی ڈائلسز سینٹر کا قیام،آوٹ ڈور میں سڑکوں کی تعمیر،پیڈیا ٹرک بلڈنگ میں ایک فلور کی تعمیر،واٹر ٹربائن کی تنصیب، مسجد کی تعمیر،16 سو مریضوں کے لئے دونوں وقت کھانے کا اہتمام، آرتھوپیڈک اینڈ ٹراماٹولوجی ڈیپارٹمنٹ کی اپ گریڈیشن اور دیگر ترقیاتی کام شامل ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب نوید اکرم چیمہ نے کہا کہ حکومت نے صحت کے بجٹ میں رواں سال 16 فیصد اضافہ کیا ہے تاہم غریب مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی کے لئے مخیر حضرات اور نجی شعبہ کا تعاون ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اللہ کی راہ میں غریبوں کی فلاح وبہبود پر کروڑوں روپے خرچ کرنے والے افراد خراج تحسین کے مستحق ہیں اور رمضان المبارک میں غریب ونادار مریضوں کی خدمت عظیم کار خیر ہے جس کا اجر اللہ تعالی ان شخصیات کو ضرورعطا کرے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ بغیر کسی دنیاوی لالچ کے صرف اللہ کی خوشنودی کے لئے دوسروں کی خدمت کرنے والے اور اپنے وسائل خرچ کرنے والے اصل ہیرو ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت نے صحت کا بجٹ رواں سال121 ارب سے زائد مختص کیا ہے اور بیماریوں کی روک تھام پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔انہوں نے مالی تعاون کرنے والی شخصیات کے جذبہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دوسروں کے درد کو اپنا درد سمجھنابہت بڑی صفت ہے اور ہمیں آج پھر تحریک پاکستان والے جذبے کی ضرورت ہے۔

پارلیمانی سیکرٹری صحت خواجہ عمران نذیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ دوسروں کی جانیں بچانا اوراپنا پیسہ لگانا اصل جہاد ہے اور یہ لوگ قابل تقلید ہیں۔ تقریب کے میزبان پروفیسر ڈاکٹر سید محمد اویس نے کہا کہ یہ تقریب مالی تعاون کرنے والی مخیر شخصیات اور سوشل ورک کرنے والوں کی خدمات کا اعتراف اور ان کا شکریہ ادا کرنے کے لئے منعقد کی گئی ہے۔تقریب میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز،رکن پنجاب اسمبلی ماجد ظہور،سیکرٹری کوآپریٹو بابر حیات تارڑ، صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری، واصف ناگی، منوبھائی،غیاث الدین عرف باباجی،میو ہسپتال کے ساتھ مالی تعاون کرنے والی مخیر شخصیات ،صحافیوں اور ڈاکٹروں نے شرکت کی۔