زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں جلد ہی 2500طالبات کیلئے تین نئے ہاسٹلز کے تعمیراتی کام کا آغاز کر دیا جائے گا، وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقراراحمد،یہ ملک کی کسی بھی جامعہ میں اقامتی سہولیات کا سب سے بڑا پراجیکٹ ہوگا، کلیہ زراعت اور سوشل سائنسز کے اساتذہ سے خطاب

جمعہ 11 جولائی 2014 18:23

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11جولائی۔2014ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں جلد ہی 2500طالبات کیلئے تین نئے ہاسٹلز کے تعمیراتی کام کا آغاز کر دیا جائے گاجو ملک کی کسی بھی جامعہ میں اقامتی سہولیات کا سب سے بڑا پراجیکٹ ہوگا۔ یہ باتیں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقراراحمد خاں نے کلیہ زراعت اور سوشل سائنسز کے اساتذہ سے اپنے خطاب میں کہیں۔

ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ پارس پر اساتذہ کیلئے 30نئی رہائش گاہوں کی تعمیر شروع ہوچکی ہے جس کے بعد اساتذہ کے رہائشی مسائل میں یقینا کمی واقع ہوگی اور وہ مکمل یکسوئی کے ساتھ اپنے منصبی فرائض کی انجام دہی کر سکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب سمیت یو ایس ایڈ کے تعاون سے قائم کئے جانیوالے سنٹر فار ایکسی لینس میں یونیورسٹی کیلئے پی ایچ ڈی سکالرشپس کا بڑا حصہ خواتین کیلئے مختص ہیں لہٰذا خواتین اساتذہ اور پوسٹ گریجوایٹ طالبات کو بیرون ملک اعلیٰ تعلیم کے مواقعوں کیلئے خود کو تیار کرناہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں لیکچرتھیٹرزکے قیام سے تدریسی کمروں میں خاطر خواہ گنجائش پیدا ہوئی ہے اور انتظامیہ مختلف کلیہ جات میں موجود تحقیقی وسائل کو ایک ہی چھت تلے جمع کرتے ہوئے کامن ریسرچ لیبارٹریاں قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ ایک جیسے اُمور پر تحقیقات میں مصروف لوگ تحقیقی وسائل شیئر کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کی طرف سے یونیورسٹی میں سہولیات کی فراہمی پر خطیر وسائل خرچ کئے جا رہے ہیں جسے یونیورسٹی کمیونٹی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ یونیورسٹی انتظامیہ راجے والا روڈ پر یونیورسٹی طلباء وطالبات اور ملازمین کی سہولت کیلئے جلد ہی انڈرپاس تعمیر کیا جائیگا۔ انہوں نے یونیورسٹی اساتذہ پر زور دیا کہ تحقیقی منصوبوں کے نتائج کو متعلقہ انڈسٹری کے ساتھ بھی شیئر کریں تاکہ تحقیق کی روشنی میں لوگوں کی آسانی کیلئے قابل عمل ٹیکنالوجی سامنے لائی جا سکے۔

ڈین کلیہ زراعت ڈاکٹرمحمد ارشد نے بتایا کہ انہیں ملک کی بہترین فیکلٹی دستیاب ہے جوقومی و بین الاقوامی تحقیقی اداروں سے کروڑوں روپے کے تحقیقی منصوبوں میں اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلیہ زراعت میں کامن ریسرچ لیبارٹریز کے قیام پر اہم پیش رفت کی گئی ہے اور جلد ہی ماہرین کی تحقیقی کتب پر منظر عام پر لائی جائیں گی۔

ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر آصف علی نے کہا کہ یونیورسٹی میں تحقیقی کلچررواج پا چکا ہے اور انڈسٹری کے ساتھ روابط بھی اہم سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ریسرچ گرانٹس کیلئے فیکلٹی اب خود ان کے دفتر کار خ کرتی ہے جو ایک اہم پیش رفت ہے۔ہال وارڈن ڈاکٹر امجد اولکھ اور دیگر اساتذہ نے بھی وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقرار احمد خاں کو مختلف اُمور پر قابل عمل تجاویز دیں اور پیشہ وارانہ اُمور میں بہتری کیلئے اپنی آراء ان کے سپرد کیں۔

متعلقہ عنوان :