صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید کا سنگھ پورہ،تاج پورہ اور تاج باغ کے رمضان بازاروں کا دورہ

ہفتہ 12 جولائی 2014 16:53

لاہور ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 12جولائی 2014ء) صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے لاہور میں سنگھ پورہ،تاج پورہ اور تاج باغ کے رمضان بازاروں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بازار میں لگے سٹالز پر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں اور لوالٹی کا جائیزہ لینے کے علاوہ صارفین سے گفتگو کی۔ اس موقع پر صارفین کی اکثریت نے مطالبہ کیا کہ رمضان بازاروں کی کامیابی کو مد نطر رکھتے ہوئے انہیں تمام سال کے لئے آپریشنل کیا جائے ۔

صارفین کے مطالبے پروزیر زراعت نے فی صارف 2 کلو چینی فراہم کرنے کاحکم دیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فرخ جاوید کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق انتظامیہ کی دن رات کوششوں سے رمضان بازار مثالی شکل اختیار کر چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہر صارف رمضان بازار میں خریداری کر کے روزانہ 150سے200روپے کی بچت کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاویدنے دن کا آغاز سنگھ پورا رمضان بازار کے دورے سے کیا۔ اس کے بعد انہوں نے تاج باغ رمضان بازار میں سٹالز کا معائینہ کیا اور صارفین سے گفتگو کی۔ اس کے بعد وزیر زراعت تاج پورارمضان بازار گئے اور ایگریکلچر فیئر پرائس شاپس پر پھلوں اور سبزیوں کی بہتر کوالٹی اور کم قیمت پر دستیابی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اس موقع پر میڈیا کے نمائیندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید کا کہنا تھا کہ عوام کی بڑی تعداد رمضان بازاروں کا رخ کر رہی ہے جو ان پر اعتماد کا بھر پور اظہار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اور پنجاب کی پوری انتظامیہ رمضان بھر میں اسی طرح پنجاب کے کونے کونے تک جا کر بازاروں کی مانیٹرنگ کریں گے اور صارفین کی رائے لیں گی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان میں عوامی نمائیندوں اور انتظامیہ کی کوششیں فرائض منصبی کی انجام دہی سے بڑھ کر عبادت کا درجہ رکھتی ہیں۔