گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ملاقات

جاری صورتحال ، امن و امان کے قیام میں سیکورٹی اداروں کے کردار اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال

بدھ 1 مئی 2024 22:59

گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ملاقات
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مئی2024ء) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے وفاقی وزیر داخلہ / چیئر مین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن رضا نقوی نے گورنرہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں جاری صورتحال ، امن و امان کے قیام میں سیکورٹی اداروں کے کردار اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں بڑوں نے امن و امان کے قیام میں تمام وسائل بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار اور جرائم کے خلاف بلا تفریق و دبائواقدامات یقینی بنانے پر اتفاق بھی کیا گیا۔

گورنرسندھ نے کہا کہ جرائم کے خاتمہ کے لئے وفاق وصوبہ ایک پیج پر ہیں۔ انہوں نے بطور وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کے اقدامات کو سراہا،وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ شہر قائد میں شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں گورنرسندھ کے ہمراہ وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی نے آئی ٹی مارکی کا دورہ کیا۔طالب علموں نے بھرپور تالیاں بجا کر ان کا استقبال کیا۔

آئی ٹی کے طالب علموں سے خطاب کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ طالب علموں سے کہتا ہوں مایوس نہیں ہونا،ملک کے حالات جلد بہتر ہوں گے،ہمارے پاس بہادر سپہ سالار موجود ہے،جو سرحدی دہشت گردی کے ساتھ معاشی دہشت گردی کا مقابلہ بھی کرہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ گورنر اینیشیٹو کے تحت روزگار اسکیم شروع کی ہے،اسکیم کے تحت کاروبار شروع کرنے والے کو ایک لاکھ سے ایک کروڑ روپیہ دیا جائے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ گورنر سندھ کے فلاحی اقدامات کا سنتا آیا ہوں آج یہاں دیکھنے کا موقع بھی مل رہا ہے،گورنر سندھ نے آئی ٹی مارکی کی صورت میں ایک چھوٹا شہر آباد کردیا ہے اوریہ کام گورنر سندھ ہی کرسکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آئی ٹی مارکی دیکھ کر بہت خوشی ہورہی ہے،یہ ایسے کام ہیں جو ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے،افسوس پاکستان آئی ٹی کی فیلڈ میں بہت پیچھے رہ گیا،ہمیں بہت پہلے یہ کام شروع کر دینا چاہیے تھا،یہی ایسا شعبہ ہے جو ملک کی معیشت چلا سکتا ہے، آئی ٹی کی بدولت پاکستان تیزی سے ترقی کرسکتا ہے۔

طالب علموں کو مخاطب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ طالب علموں سے کہتا ہوں وہ دل لگا کر سیکھیں،ان شاء اللہ وہ بہت جلد آگے بڑھیں گے اورمیری دعا ہے اللہ پاک سب کو کامیاب کرے اور گورنر سندھ کو اس کام کا اجر دے۔وفاقی وزیر داخلہ نے طلبہ و طالبات سے ملاقات کی اور آئی ٹی کورسز کے حوالہ سے ان سے گفتگو بھی کی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے راشن بیگز کا معائنہ بھی کرتے ہوئے راشن بیگز کی پیکنگ، اشیائے خورد و نوش کے معیار کی تعریف کی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ گورنر سندھ کے فلاحی کام قابل تحسین ہیں۔