پوزیشن ہولڈر طلباکے وفد کا برلن میں ہمبولڈٹ اور ٹیکنیکل یونیورسٹی کا دورہ

جمعہ 18 جولائی 2014 17:29

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18جولائی۔2014ء) وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر بیرون ملک جانے والے پوزیشن ہولڈر طلبا وطالبات کے وفد نے برلن(جرمنی) میں یونیورسٹی آف ہمبولڈٹ کا دورہ کیا۔ یونیورسٹی آمد پر انٹر نیشنل آفس کے ڈاکٹر میلیٹانے طلبا وطالبات کا استقبال کرتے ہوئے بریفنگ دی اور انہیں یوینورسٹی کے مختلف شعبوں کا دورہ کرایا ۔1810 میں قائم ہونے والی اس یونیورسٹی کو” قدیم ترین ماڈرن یونیورسٹی“ کے نام سے پکارا جاتا ہے۔

یونیورسٹی کے 35 ہزار طالب علموں میں سے لگ بھگ 3 ہزار بین الاقوامی طالب علم ہیں۔ یونیورسٹی میں بعض ماسٹرز لیول کے پروگرام انگریزی میں کرائے جاتے ہیں جبکہ تمام انڈر گریجویٹ پروگرام جرمن زبان میں کرائے جاتے ہیں۔یونیورسٹی کی لائبریری سے طلبا بیک وقت 25 کتب حاصل کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

بعد ازاں پوزیشن ہولڈرطلبا وطالبات کے وفد نے برلن میں ٹیکنیکل یونیورسٹی کا دورہ بھی کیا۔

یونیورسٹی سٹاف نے معلومات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ یونیورسٹی میں 335 پروفیسرز اور 2580 سائنٹفک سٹاف،آرٹس،میتھ،نیچرل سائنسز،پراسیس سائنسز،الیکٹرک انجینئرنگ،مکینیکل انجینئرنگ،پلاننگ انوائرمنٹ اور اکنامک مینجمنٹ کے شعبے میں تربیت فراہم کرتے ہیں۔یونیورسٹی میں ریسرچ پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے اور دنیا کا پہلا کمپیوٹر بھی اسی یونیورسٹی میں بنایا گیا تھا جبکہ ٹیکنیکل یونیورسٹی کا انڈسٹری کے ساتھ بھی قریبی رابطہ ہے۔ بعدازاں پاکستانی طلبا وطالبات نے یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔