وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس، پنجاب کے 6 شہروں میں چھوٹے کول پاور پلانٹس لگانے کا فیصلہ

جمعہ 18 جولائی 2014 18:28

وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس، پنجاب کے 6 شہروں میں چھوٹے کول پاور پلانٹس ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18جولائی۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ صنعتوں کا پہیہ رواں دواں رکھنے ،بے روزگاری اور غربت کے مسائل پر قابو پانے کیلئے توانائی بحران کا جلد خاتمہ ناگزیر ہے،عوام کو لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے نجات دلانا اور ملک کو اندھیروں سے نکال کر اجالوں میں لانا ہمارا مشن ہے ،حکومت کوئی لمحہ ضائع کیے بغیر توانائی کے منصوبوں کوتیزی سے آگے بڑھارہی ہے اورتوانائی بحران پر جلد سے جلد قابو پانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں ،پنجاب میں کوئلے سے بجلی پیداکرنے کے ایک بڑے پروگرام پر کام کیا جارہا ہے جبکہ پنجاب کے6 شہروں میں چھوٹے کول منصوبے لگائے جائیں گے اور اس ضمن میں لاہور،فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ ،ملتان اورشیخوپورہ میں 55x2میگاواٹ کے چھوٹے کول پاور پلانٹس لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے،چھوٹے کول پاور پلانٹس صنعتوں کی بجلی کی ضروریات پورا کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے وہئے کیا ۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی جہانزیب خان نے چھوٹے کول پاور پلانٹس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی،سیکرٹریز ٹرانسپورٹ و آبپاشی،لاہور،گوجرانوالہ،فیصل آباد اورملتان کے کمشنرز،چےئرمین قائداعظم سولر پارک،ایم ڈی این ٹی ڈی سی اورمتعلقہ حکام نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سند ر انڈسٹریل اسٹیٹ لاہور اور ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ فیصل آباد میں چھوٹے کول پاور پلانٹس لگائے جارہے ہیں جبکہ لاہور میں کوٹ لکھپت ،باٹا پور ،گوجرانوالہ ،سیالکوٹ،ملتان اورشیخوپورہ میں بھی صنعتوں کی بجلی کی ضرورت کو پور ا کرنے کے لئے چھوٹے کول پاور پلانٹس لگائے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے چیف سیکرٹری کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے کہا کہ یہ کمیٹی چھوٹے کول پاور پلانٹس کے لئے آئندہ تین روز میں مناسب مقامات کی نشاندہی کرے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ چھوٹے کول پاور پلانٹس لگانے کے لیے ایسے مقامات کی نشاندہی کی جائے جہاں ریلو ے لائن،پانی ٹرانسمشن لائن اوردیگر بنیادی سہولتیں دستیاب ہوں۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ متعلقہ اداروں کے نمائندوں پرمشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جوچھوٹے کول پاور پلانٹس کے منصوبوں پر عملدر آمد کا جائزہ لینے کے لئے ہفتہ وار اجلاس منعقد کرے۔

متعلقہ عنوان :