بوکو حرام نے کیمرون کے نائب وزیراعظم کی اہلیہ کو اغوا کرلیا

پیر 28 جولائی 2014 15:12

بوکو حرام نے کیمرون کے نائب وزیراعظم کی اہلیہ کو اغوا کرلیا

ابوجا(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28جولائی 2014ء) نائیجیریا کی شدت پسند تنظیم بوکو حرام نے کیمرون کے شمالی قصبے کلو فاتا میں حملہ کر کے کیمرون کے نائب وزیر اعظم کی اہلیہ کو اغوا کر لیا جبکہ حملے میں 3 افراد مارے گئے۔ ایک دوسرے حملے میں مسلح شدت پسندوں نے ٹائون کے میئر کو بھی اغوا کر لیا۔ برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بوکو حرام نے کیمرون کی جانب سے عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن میں عالمی کوششوں میں شمولیت کے بعد سرحد پا ر حملوں کا سلسلہ تیز کر دیا۔

(جاری ہے)

کیمرون نے حالیہ ہفتوں میں شدت پسند تنظیم کے خلاف آپریشن کے لیے ریجن میں فوج تعینات کر دی ہے۔

کیمرون کے ایک اعلیٰ حکومتی اہلکار عیسیٰ چیرومہ نے خبر رساں ادارے کو بتا یا کہ کلوفاتا قصبے میں واقع نائب وزیر اعظم آمادو علی کے گھر پر بوکو حرام کے شدت پسندوں نے حملہ کیا، عسکریت پسند نائب وزیر اعظم کی اہلیہ کو اٹھا کر لے گئے۔ انھوں نے کہا کہ عسکریت پسندوں نے بعد ازاں میئر اور مذہبی رہنما کے گھر پر حملہ کیا اور انھیں بھی اغوا کر لیا۔کیمرون ملٹری نے بتایا کہ نائب وزیر اعظم عیدالفطر کی چھٹیوں کے سلسلے میں اپنے آبائی قصبے میں مقیم تھے بعد ازاں سیکیورٹی حکام انھیں قریبی قصبے لے گئے۔

متعلقہ عنوان :