آئیوری کوسٹ میں ایبولا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد650،لبنان میں سخت حفاظتی انتظامات

ہفتہ 2 اگست 2014 12:59

بیروت (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2اگست۔2014ء)آئیوری کوسٹ پر ابیولا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد650ہوگئی جبکہ لبنانی حکومت نے مہلک وائرس ای بولا سے بچا اور اس کو ملک میں پھیلنے سے روکنے کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات کیے ہیں۔

(جاری ہے)

لبنانی وزیر صحت وائل ابو فوار نے بیروت کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے دورے پر کہا کہ ان کی وزارت نے تمام فضائی کمپنیوں کو بیرون ملک اور خاص طور پر تین افریقی ممالک سیرالیون ،گنی اور لائبیریا سے واپس آنے والے مسافروں کے بارے میں مطلح کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ان میں ای بولا وائرس سے متاثرہ کسی بھی شخص کا فوری علاج کیا جاسکے اور اس مہلک وائرس سے متاثرین کو ہوائی اڈے کی حدود سے باہر جانے سے روکا جاسکے۔

انھوں نے بتایا ہے کہ ہوائی اڈے پر اٹھارہ ڈاکٹروں اور نرسوں پر مشتمل ٹیم تعینات کی گئی ہے اور فضائی کمپنیوں سے کہا گیا ہے کہ اگر کسی مسافر میں ای بولا کی علامات پائی جائیں تو اسے ہوائی اڈے پر ہی اس طبی ٹیم کے حوالے کردیا جائے۔درایں اثنا لبنان کی وزارت خارجہ نے بیرون ملک اپنے سفارت خانوں سے کہا کہ وہ شہریوں کو ای بولا وائرس کے پھوٹ پڑنے کے حوالے سے مطلع کرتے رہیں اور اگر وہ واپس لبنان آنا چاہتے ہیں تو ان کو ہر ممکن مدد مہیا کی جائے۔