امریکی سرزمین پرقتل کی بھارتی سازش پروائٹ ہائوس کا بیان آ گیا

بھارتی حکومت سے توقع ہے کہ وہ تفتیش کی بنیاد پراحتساب کرے گی، وائٹ ہائوس

منگل 30 اپریل 2024 16:20

امریکی سرزمین پرقتل کی بھارتی سازش پروائٹ ہائوس کا بیان آ گیا
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2024ء) ترجمان وائٹ ہاس نے کہا ہے کہ امریکی سرزمین پر قتل کی بھارتی سازش کی رپورٹ کو سنجیدگی سے لیا گیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادرے کے مطابق ترجمان وائٹ ہائوس کیرین جین پیئر نے کہا کہ محکمہ انصاف قتل کی سازش کی تفتیش کر رہا ہے، بھارتی حکومت نے واضح کیا کہ وہ اسے سنجیدگی سے لے رہی ہے، اور تفتیش کرائے گی۔

وائٹ ہائوس ترجمان نے مزید کہا کہ بھارتی حکومت سے توقع ہے کہ وہ تفتیش کی بنیاد پر احتساب کرے گی۔دوسری طرف امریکی اخبار نریندر مودی کے دورہ امریکا کے دوران امریکی شہری کے قتل کے را کے منصوبے کی تفصیلات سامنے لے آیا ہے، واشنگٹن پوسٹ نے لکھا کہ قتل کا حکم 23 جون کو مودی کے دورہ امریکا کے دوران دیا گیا، سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کا منصوبہ را نے بنایا تھا۔

(جاری ہے)

امریکی اخبار کے مطابق قتل کے منصوبے کی منظوری را کے چیف سمنت گوئل نے دی تھی، کرائے کے قاتلوں سے رابطہ را کے افسر وکرم یادیو نے کیا، جس نے گرپتونت کا نیویارک کا پتا کرائے کے قاتلوں کو دیا۔امریکی اخبار نے لکھا کہ را افسر وکرم یادیو کی شناخت اور پیغامات بھی سامنے آ گئے ہیں، امریکی ایجنسیوں کی رپورٹ کیا کہ بھارتی مشیر قومی سلامتی اجیت دوول کو بھی اس منصوبے کا علم تھا۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں امریکی انٹیلیجنس ایجنسیوں نے گرپتونت سنگھ کے قتل کی بھارتی سازش بے نقاب کی تھی۔