”یوم انقلاب کی حتمی تاریخ کے اعلان کی امید لیکر آنے والے کارکنان مایوس واپس لوٹ گئے“،کارکنان ” اعلان یوم انقلاب “ کے بیج سجائے پھرتے رہے،میڈیا سیل نے بھی یوم انقلاب کے اعلان کی اطلاع دی

اتوار 3 اگست 2014 18:42

”یوم انقلاب کی حتمی تاریخ کے اعلان کی امید لیکر آنے والے کارکنان مایوس ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3اگست۔2014ء) یوم انقلاب کی حتمی تاریخ کے اعلان کی امید لے کر آنے والے عوامی تحریک کے کارکن تاریخ کا اعلان نہ ہونے پر مایوس واپس لوٹ گئے ۔میڈیا سیل نے بھی بیٹ رپورٹرز کو اتوار کے روز یوم انقلاب کے اعلان کی اطلاع دی تھی ۔ تفصیلات کے مطابق عوامی تحریک کی طرف سے ایک روز قبل اطلاع دی گئی تھی کہ اتوار کے روز ڈاکٹر طاہر القادری یوم انقلاب کی تاریخ کا اعلان کرینگے ۔

(جاری ہے)

اسی مناسبت سے جنرل کونسل کا اجلاس بھی بلایا گیا جس میں شریک ہونے والے ”اعلان یوم انقلاب“ کے بیج سینوں پر سجائے پھرتے رہے لیکن سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری نے آخری وقت تک انقلاب کی حتمی تاریخ کا اعلان نہ کیا جسکی وجہ سے شرکاء میں مایوسی پھیل گئی ۔ جنرل کونسل کے اجلاس میں دور دراز سے سخت گرمی میں سفر کر کے آنے والے پاکستان عوامی تحریک کے ذمہ داران انقلاب کی تاریخ سننے کی آس لیکر واپس لوٹ گئے ۔سنجیدہ حلقوں نے بھی سربراہ عوامی تحریک کی جانب سے تاحال کسی واضح تاریخ کا اعلان نہ کرنے پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح میدان سجایا گیا تھا اس سے ظاہر ہورہا تھاکہ حتمی تاریخ دی جائے گی لیکن اس سے عوامی تحریک کے کارکنوں کو مایوسی ہوئی۔