عالمی برادری اورکرزئی مجھے ہراناچاہتے ہیں،عبداللہ عبداللہ دھاندلی الزامات سامنے لے آئے

پیر 4 اگست 2014 13:07

کابل(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4اگست۔2014ء)افغان صدارتی امیدوار عبداللہ عبداللہ ایک ویڈیو منظر عام پر لائے ہیں ہیں جس میں مبینہ طور پر ان کے حریف اشرف غنی کو انتخابات جتوانے کے بارے میں بات کی گئی ہے،صدارتی امیدوار عبداللہ عبداللہ کا کہنا ہے کہ یہ ریکارڈنگ اس بات کا ثبوت ہے کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے،ادھرمدمقابل صدارتی امیدواراشرف غنی کے ترجمان نے اس ویڈیو کو جعلی قرار دیا ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق پریس کانفرنس کے دوران عبداللہ عبداللہ کا مزید کہنا تھا کہ اس ویڈیو سے صاف ظاہر ہے کہ عالمی برادری اور موجودہ صدر حامد کرزئی مل کر اشرف غنی کی جیت کو یقینی بنا رہے ہیں۔ یاد رہے کہ جون میں ہوئے انتخابات کے ابتدائی نتائج کے مطابق اشرف غنی صدارتی انتخاب جیت گئے تھے تاہم دونوں امیدواروں نے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات لگائے تھے۔

(جاری ہے)

اس ویڈیو میں موجودہ نائب صدر کریم خلیلی مبینہ طور پر الیکشن کے عملے کو خفیہ معاہدے کے بارے میں بتا رہے ہیں جس کے مطابق اشرف غنی کی فتح ہو گی۔عبداللہ عبداللہ کی الیکشن مہم کے مینیجر کا کہنا تھا کہاس ویڈیو سے صاف ظاہر ہے کہ نتائج کا فیصلہ حکومت اور عالمی برادری کے درمیان صلی مشورے کے بعد پہلے ہی کر لیا گیا ہے۔اشرف غنی کے ترجمان عباس بسیر نے اس دعوے کی سختی سے تردید کی اورکہاکہ افغانستان کے نائب صدر خلیلی کے حوالے سے آڈیو ریکارڈنگ بالکل جعلی ہے۔