پاکستان ترکمانستان مشترکہ حکومتی کمیشن کا چوتھا اجلاس اسلام آباد میں (آج) سے شروع ہو گا

بدھ 6 اگست 2014 18:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6اگست 2014ء) پاکستان ترکمانستان مشترکہ حکومتی کمیشن کا چوتھا اجلاس اسلام آباد میں (آج) جمعرات سے شروع ہو گا ۔ دوروزہ اجلاس کی مشترکہ صدارت ترکمانستان کے ڈپٹی چیئرمین کابینہ اور وزیر خارجہ امور راشد میردوف اور وزیراعظم کے مشیر قومی سلامتی و خارجہ امور سرتاج عزیز کرینگے ۔ ترکمانستان کا اعلیٰ سطح کا وفد وزیر خارجہ راشد میردوف کی قیادت میں پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔

اجلاس کے دوران مشترکہ حکومتی کمیشن کے اپریل 2012 ء میں اشک آباد میں ہونیوالے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ اور زراعت ، مواصلات ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم ، سائنس و ٹیکنالوجی، صنعت ، میڈیا اور ثقافتی شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کے استحکام پر تبادلہ خیال کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق پاکستان اور ترکمانستان چار ملکی گیس پائپ لائن منصوبے تاپی پر بھی کام کر رہے ہیں جس میں ترکمانستان ، افغانستان، پاکستان اور بھارت شامل ہیں ۔

اس منصوبے کے تحت پاکستان کی توانائی ضروریات پوری کرنے کے بڑے مواقع موجود ہیں ۔ دونوں ممالک ترکمانستان سے افغانستان کے راستے پاکستان کو بجلی کی فراہمی کے منصوبے پر بھی کام کر رہے ہیں ۔ اجلاس کے دوران اس منصوبے کو جلد شروع کرنے پر بھی بات چیت کی جائیگی ۔

متعلقہ عنوان :