روس نے امریکی سی آئی اے اہلکار ایڈورڈ اسنوڈن کو ملک میں قیام کی اجازت دیدی

جمعرات 7 اگست 2014 20:31

روس نے امریکی سی آئی اے اہلکار ایڈورڈ اسنوڈن کو ملک میں قیام کی اجازت ..

ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7اگست۔2014ء) روس نے امریکی خفیہ ادارے کے مفرور اہلکار ایڈورڈ اسنوڈن کو 3 سال تک رہنے کی اجازت دے دی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایڈورڈ اسنوڈن نے روسی حکومت کو ملک میں قیام کے لئے درخواست دی تھی جسے منظور کرتے ہوئے امریکی خفیہ ادارے کے اہلکار کو 3 سال تک مستقل قیام کی منظوری دے دی جس کے بعد ایڈورڈ اسنوڈن آزادانہ طور پر ملک بھر میں سرگرمیاں جاری رکھ سکتے ہیں۔

اسنوڈن کے وکیل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ روسی حکومت سے قیام کی اجازت ملنے کے بعد ایڈورڈ اسنوڈن بیرون ملک سفر کرنے کے علاوہ ملک بھر میں آزادی سے گھوم پھر سکتے ہیں جبکہ مستقل طور پر روسی شہریت اختیار کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے اسنوڈن بعد میں فیصلہ کریں گے۔

(جاری ہے)

ایڈورڈ اسنوڈن کے وکیل کا مزید کہنا تھا کہ اسنوڈن نے ایک سال قبل روسی حکومت کو ملک میں قیام کرنے کی درخواست دی تھی جبکہ اس دوران وہ ماسکو ایئرپورٹ کے ٹرانزٹ ایریا میں ہی قیام پذیر تھے۔

انہوں نے کہا کہ اسنوڈن روس میں رہ کر اپنا پیشہ جاری رکھے ہوئے ہیں تاہم انہوں نے اس تاثر کو مسترد کردیا کہ روسی خفیہ ایجنسیاں اسنوڈن کی نگرانی کر رہی ہیں یا وہ ان کے لئے کام کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ ایڈورڈ اسنوڈن امریکا سے مفرور ہونے کے بعد مئی 2013 میں ہانگ کانگ پہنچا جہاں اس نے سیکڑوں امریکی خفیہ راز فاش کئے اس کے بعد ایڈورڈ ماسکوچلا گیا جس کے بعد روس اورامریکا کے تعلقات میں بھی تناؤ پیدا ہوا۔

متعلقہ عنوان :