حکومت جان بوجھ کوملکی حالات خراب کررہی ہے،پر امن احتجاج کرناہرکسی کاآئینی وقانونی حق ہے‘ جماعت اسلامی پنجاب

ہفتہ 9 اگست 2014 17:32

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9اگست 2014ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب وپارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اختراور سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ نے کہاہے کہ حکومت جان بوجھ کوملکی حالات خراب کررہی ہے،پر امن احتجاج کرناہرکسی کاآئینی وقانونی حق ہے۔تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے کارکنوں کو گرفتار کرنے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ سازگار ماحول پیدا کرے،جلاؤگھیراؤاور تشدد کی سیاست سے اجتناب کرناچاہئے،پاکستان مزید کسی بڑے بحران کامتحمل نہیں ہوسکتا۔ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت کچھ قوتیں حالات خراب کرنا چاہتی ہیں۔14اگست یوم آزادی کو مہذب قوموں کی طرح منایاجائے۔قومی دن پر لڑنے کی بجائے ملکی سلامتی کے لئے دعائیں مانگنی چاہئیں۔

(جاری ہے)

اختلافات بھلاکر مل کر کام کرناہوگا۔

آج ملک میں مسائل کے پہاڑ کھڑے ہیں۔کرپشن کی جڑیں مضبوط،امن وعامہ کی صورتحال خراب،بے روزگاری اور مہنگائی کی شرح آسمان سے باتیں کررہی ہے۔غریب عوام کااستحصال جبکہ امیر کو توقع سے زیادہ ملنامعاشرتی تفریق کاایک بڑاسبب ہے۔حکومتی ناقص پالیسیوں نے18کروڑ عوام کوشدید مایوس کیا ہے۔امریکی جنگ کو خیرباد کہے بغیر ملک میں امن قائم اور خوشحالی کادور نہیں آسکتا۔

جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے کہاکہ زرداری دور اتنی بدنامی پانچ سال میں نہیں سمیٹ سکاجتنی موجودہ حکمرانوں نے صرف ایک سال میں سمیٹ لی ہے۔تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا ہرشخص پریشان اور بے یقینی کاشکار ہے۔وزیر اعظم کو اپنا طرز حکمرانی بدل کر حقیقی معنوں میں عوام کا خدمت گار بننا چاہئے۔جن کولوگوں نے جھولیاں بھر بھر کرووٹ دیئے آج ان کوجھولیاں اٹھا اٹھاکر بددعائیں دے رہے ہیں۔ ارباب سیاست کو اس امر کاادراک واحساس ہوناچاہئے کہ کشیدگی،تناؤ،مخاصمت اور الجھاؤ کی سیاست کے نتائج منفی ہواکرتے ہیں۔ہمیں ماضی سے سبق سیکھتے ہوئے آگے بڑھنا ہوگا۔سیاسی قائدین افہام وتفہیم سے معاملات حل کریں۔