ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر)محمد عثمان کی زیر صدارت انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے اہم اجلاس

ہفتہ 16 اگست 2014 18:16

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16اگست۔2014ء) ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر)محمد عثمان کی زیر صدارت انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام ٹاؤن ایڈمنسٹریٹرز، ٹی ایم اوز، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ز(ہیلتھ) اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ای ڈی او (ہیلتھ) لاہور ڈاکٹر ذوالفقار احمد اورپروجیکٹ ڈائریکٹر انسداد ڈینگی مہم لاہور نے ڈی سی او لاہور کو انسداد ڈینگی کے حوالے سے بریفنگ دی جبکہ تمام ٹاؤن ایڈمنسٹریٹرز نے انسداد ڈینگی کے حوالے سے ٹاؤن کی سطح پر کیے جانے والے انتظامات کے حوالے سے ڈی سی او لاہور کو تفصیلی بریفنگ دی۔

ایڈمنسٹریٹرز نے ڈی سی او لا ہور کو بتایا کہ ملازمین کی تعداد، مشینری کی تعداد اور انسداد ڈینگی مہم میں استعمال ہونے والی ادویات کی مقدار پور ی ہے او ر اب تک ڈینگی لاروا ملنے والے13مقامات کو سیل کر کے13افراد کے خلاف مقدمات درج کروا دیئے گئے ہیں جبکہ ماہ اگست کے دوران5افراد کے خلاف مقدمات درج کروائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی سی او لاہور نے ایڈمنسٹریٹرز کو ہدایت کی کہ مون سون کا موسم جاری ہے اوربارشوں کے باعث شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو جا تا ہے لہٰذا اس کی نکا سی آب کا فوری بندوبست کریں تا کہ ڈینگی لاروا کی افزائش نہ ہو سکے۔

ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر)محمد عثمان نے مزید کہا کہ ڈینگی سرویلنس پر کام کر نے والی ٹیمیں گھروں کی چھتوں کو ضرور چیک کریں جبکہ نا زک مقامات جن میں روم کو لرز،پرندوں کے پانی پینے کے بر تن،گملے،ٹا ئرز، کنٹینرز شامل ہیں کو خاص طور پر چیک کیا جائے ۔علا وہ ازیں ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر)محمد عثمان نے انسدادِ ڈینگی مہم کے سلسلہ میں آج راوی روڈ ٹمبر مارکیٹ کا دورہ کیا۔انہوں نے وہاں ڈینگی سرویلنس کرنے والی ٹیموں کی کارکردگی کو چیک کیا اورڈینگی سرویلنس کے حوالے سے شہریوں سے بات چیت بھی کی ۔ کیپٹن (ر)محمد عثمان نے لو گوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں اور ارد گرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں تا کہ ڈینگی لاروا کی افزائش نہ ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :