وزیر اعظم کے استعفیٰ اور پاکستان میں مڈٹرم الیکشن کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا،مسلم لیگ ن فیصل آباد

جمعرات 21 اگست 2014 23:20

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اگست۔2014ء) مسلم لیگ( ن) کے سینئر رہنما وپی پی 70کے کوارڈینیٹر میاں محمد جمشید، یوتھ ونگ پی پی 70کے صدر ندیم مغل ،مسلم لیگی راہنما رانا احمد شہریار،شیخ عبدالقیوم پنوں، رانا ماجد،ملک زاہد رضا ودیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے استعفیٰ اور پاکستان میں مڈٹرم الیکشن کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔عمران خان کو ساری عمر کنٹینر میں گزارنا پڑے گی۔

ملک کے غیور عوام نے ان کے انتشار مارچ کو بری طرح مسترد کر دیا ہے ۔اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ نام نہاد انقلابی ملک کے لئے بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔ موجودہ حالات میں ملک کسی بھی انارکی یا افراتفری کا متحمل نہیں ہو سکتا ۔اس وقت پاک افواج دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں مصروف ہیں تو لانگ مارچ کر کے قوم کو تقسیم کرنے کی سازش تیار کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ احتجاجی سیاست سے ملک کی مضبوط ہوتی ہوئی معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے‘ فساد برپا کرنے کی سازش کرنے والے عناصر عوام کی خوشیاں چھیننا چاہتے تھے لیکن انہیں اپنے مذموم عزائم میں ناکامی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ لاکھوں لوگوں کو مارچ میں شریک کرنے کے دعویدار چند ہزارلوگوں کو جمع کرسکے اور اب اپنی شرمندگی چھپانے کے لئے نئے نئے شوشے چھوڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کے خلاف ہونے والی سازشوں کو عوام ناکام بنا دیں گے۔