ڈی سی او بھکر کا ضلعی محکمہ صحت کے ای پی آئی سپر وائزری سسٹم کی ناقص کارکردگی کا سخت ترین نوٹس،

پیر 25 اگست 2014 19:13

بھکر( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25اگست۔2014ء)ڈی سی او ممتاز حسین زاہد نے ضلعی محکمہ صحت کے ای پی آئی سپر وائزری سسٹم کی ناقص کارکردگی کا سخت ترین نوٹس لیتے ہوئے مجازافسران کو ہدایت کی ہے کہ غفلت کے مرتکب انچارج افسران اور فیلڈ سٹاف کے خلاف حسب ضابطہ فوری کارروائی کرکے رپورٹ پیش کی جائے ۔انہوں نے حکم دیا کہ صحت عامہ کیلئے حکومت پنجاب کی طرف سے فراہم کیے جانے والے وسائل سے بہترین استفادہ کرتے ہوئے ضلع کے عوام کو بھر پور سہولیات بہم پہنچائی جائیں ۔

انہوں نے یہ احکامات محکمہ صحت کی ای پی آئی اینڈ ویکسین مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں کارکردگی کے جائزہ کے دوران جاری کیے ۔ڈی سی او ممتاز حسین زاہد نے ضلعی محکمہ صحت کے انتظامی افسران کو ہدایت کی کہ یونین کونسل ،تحصیل اور ضلع کی سطح پر ای پی آئی سسٹم کی بھرپور فعالیت کڑی نگرانی میں یقینی بنائی جائے تاکہ بیماریوں کے خلاف حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام پر حکومتی گائیڈلائن کے مطابق عملدرآمد تیز رفتار اندازمیں کامیابی کے ساتھ برقرار رکھا جاسکے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں انہوں نے ڈپٹی ڈسٹرکٹ افسران ہیلتھ کو بطور خاص حکم دیا کہ متعلقہ تحصیلوں میں ای پی آئی روڈ میپ کے مقررہ اہداف کی تکمیل کے ضمن میں نگرانی کا فعال ترین عمل بہترین انتظامی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے یقینی بنایا جائے ۔اجلاس کے دوران ڈی سی او نے سکول ہیلتھ اینڈ نیو ٹریشن سپر وائزرز کی کارکردگی کو حسب منشا بنانے کے ضمن میں بھی تفصیلی احکامات جاری کیے اور حکم دیا کہ مذکورہ سپر وائزرزکے فرائض سے متعلق تفصیلا ت ہر بنیادی مرکز صحت اور ہر سکول میں نمایاں طور پر آویزاں کی جائیں۔

قبل ازیں ڈی سی او ممتاز حسین زاہد نے ضلعی محکمہ صحت اور نیشنل رورل سپورٹ پروگرام (این آر ایس پی )کے مقامی یونٹ کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کی جس میں انہوں نے بیماریوں کے خلاف مدافعتی پروگرام کیلئے ضلع کے دور افتادہ علاقوں میں این آر ایس پی کی موبلائزیشن مہم کو سراہا اور محکمہ صحت کے متعلقہ افسران اور فیلڈ سٹاف کو ہدایت کی کہ این آر ایس پی کے تعاون کی بدولت امونائزیشن کیلئے نتیجہ خیز کارکردگی کا مظاہرہ کیا جائے ۔

انہوں نے امونائزیشن پر مامور ہیلتھ سٹاف کی ناقص کارکردگی پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور متعلقہ انتظامی افسران کو حکم دیا کہ غفلت کے مرتکب اہلکاروں کو شوکاز نوٹس بلاتاخیر جاری کیے جائیں ۔انہوں نے ڈینگی اور پولیو کے خلاف انسدادی مہم کو موثر انداز میں آگے بڑھانے ،دیگر تمام بیماریوں کے خلاف ہیلتھ ایجوکیشن عام کرنے اور سینیٹری سٹاف کی عمدہ ترین کارکردگی یقینی بنانے کیلئے بھی انتظامی افسران محکمہ صحت کو سخت احکامات جاری کیے ۔ڈی سی او نے یوپی ای کے سلسلہ میں این آر ایس پی کے مقامی یونٹ کی طرف سے موبلائزیشن مہم کی ضرورت پر زور دیا تاکہ سکول جانے کی عمر کے تمام بچوں کے داخلہ کیلئے والدین کو ترغیب دی جاسکے۔