جنگلات کا فروغ ملکی معیشت کے استحکام کی ضمانت ہے۔کمشنر سرگودہاڈویژن

بدھ 27 اگست 2014 17:56

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27اگست۔2014ء) کمشنر سرگودہاڈویژن سرگودہا کیپٹن (ر)محمد آصف نے کہا ہے کہ جنگلات کا فروغ ملکی معیشت کے استحکام کی ضمانت ہے۔محکمہ جنگلات اور سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ ہر شہری کو ملک میں شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ضرورت ہے۔جس سے معیشت کی ترقی کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ میں مدد ملے گی ۔

وہ آج محکمہ جنگلات کے زیر اہتمام موسم برسات کی شجرکاری مہم کے سلسلہ میں اپنے دفتر کے لان میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر ڈی سی او عرفان احمد سندھو ‘ ایڈیشنل کمشنر کوارڈی نیشن ملک ضیا اللہ ‘ اے سی جی طارق خان نیازی ‘ کنزرویٹر فاریسٹ ملک محمد اعظم اور ڈی ایف او رانا محمود احمد کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

کمشنر نے کہاکہ جنگلات کے فروغ کیلئے محکمہ کو بھرپور کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے ۔ جنگلات کی حفاظت کیلئے فاریسٹ آرڈی نینس پر سختی سے عملدرآمد کروانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کی ضرورت ہے ۔ کنزرویٹر فاریسٹ ملک محمد اعظم نے کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ موسم برسات کی شجر کاری مہم کے دوران سرگودہا ڈویژن میں مجموعی طو رپردس لاکھ بیس ہزار پودے لگانے کاہدف مقرر کیا گیا جس میں سے چھ لاکھ تین ہزار پودے ضلعی محکمہ جنگلات جبکہ چار لاکھ سترہ ہزار پودے لگانے کیلئے صوبائی محکمہ جنگلات نے ہدف مقرر کیا تھا ۔

انہوں نے بتایا کہ موسم برسات کی شجرکاری مہم اس سال جولائی کے آخری ہفتہ میں شروع ہوئی جس میں صوبہ بھر میں 90 لاکھ جبکہ سرگودہا ڈویژن میں دس لاکھ بیس ہزار پودے لگانے کاہدف مقرر کیا گیا تھا ۔ انہوں نے مزید بتایاکہ ا س مہم کے دوران محکمہ جنگلا ت ساڑھے چار لاکھ ‘ دیگر سرکاری محکمہ جات ستر ہزار ‘ محکمہ دفاع پچا س ہزار او رنجی سرکاری زمینوں پر ساڑھے چار لاکھ پودے لگانے کاہدف مقر ر کیا گیا جس میں سے اب تک تین لاکھ ساٹھ ہزار پودے لگانے سے شجرکاری مہم کا35 فیصد ہدف حاصل کیا جاچکاہے ۔ اس موقع پر ڈی سی او عرفان احمد سندھو ‘ ایڈ یشنل کمشنر ضیا اللہ ملک ‘ اے سی جی طار ق خان نیازی ‘ کنزرویٹر فاریسٹ ملک محمد اعظم او رڈی ایف او رانا محمود احمد نے بھی پودے لگائے ۔