میاں برادران کی حیثیت متنازع ہوچکی ،استعفے ہی بحران کا حل ہیں،سیمل کامران

منگل 2 ستمبر 2014 17:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 ستمبر۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات سیمل کامران نے کہا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے استعفے تک دھرنا ختم نہیں ہوگا،سانحہ ماڈل ٹاؤن کا مقدمہ درج ہونے کے بعد میاں برادران کی حیثیت متنازع ہوچکی ہے، لاٹھی ،گولی سے ڈرنے والے نہیں،ڈیل کی باتیں کرنے والے قوم کو گمرہ کررہے ہیں جو کچھ بھی ہوگا اب پوری قوم کے ساتھ ہوگا،پاک فوج پر تنقید کرنیوالے ملک دشمن ہیں ،چھانگا مانگا کی سیاست اب نہیں چلے گی، حکومت کو گھر بھیج کر ہی دم لیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ماجدہ زیدی،چودھری ذوالفقار پپن ،سجاد بلوچ،ارشد بخاری سمیت عہدیداروں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکمران تشدد کا سہارا لیکر حق سچ کی آواز نہیں دبا سکتے،معصوم بچوں اور خواتین پر گولیوں برسانے والوں کو قوم معاف نہیں کریگی،ریاستی دہشتگردی سے جائز مطالبات ختم نہیں کیے جاسکتے،چھوٹے میاں اور بڑے میاں کا استعفیٰ ہی تمام بحرانوں کا حل ہے۔

سیمل کامران نے کہا کہ لوگ اپنے حق مانگنے نکلیں ہیں مگر حکومت نے پولیس کو بھی اپنا گلو بٹ بنالیا ہے،اگر حکومت فوری مستعفی نہ ہوئی تو بہت خون خرابا ہوگااور اس کی پوری ذمہ داری نواز شریف اور مسلم لیگ ن پر ہوگی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے جو کچھ کہا تھا اگر اس پر عمل ہوتا تو آج ملک غیر یقینی صورتحال کا شکار نہ ہوتا،انصاف کے بغیر ملک مستحکم نہیں ہوسکتا،دولت کی غیر منصفانہ تقسیم نے سیاسی بے چینی کو جنم دیا ہے جس سے نمٹنے کیلئے قرضے لیے جارہے ہیں جس کی وجہ سے مہنگائی کی شرح میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکمران ملک و قوم سے مخلص ہیں تو فوری طور پر اسمبلیاں تحلیل کر کے تین سال کیلئے قومی حکومت کا اعلان کردیں اسی میں ان کی بقاء ہے۔