داعش اسلام دشمن صہیونی قوتوں کی آلہ کار ہے،جامعہ الالزھر،

داعش دنیا کو یہ باور کرا رہی ہے اسلام قتل و غارت گری کا دین ہے،شیخ الازھر

منگل 9 ستمبر 2014 19:04

داعش اسلام دشمن صہیونی قوتوں کی آلہ کار ہے،جامعہ الالزھر،

قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9ستمبر 2014ء) مصر کی سب سے بڑی دینی درس گاہ جامعہ الازھر کے سربراہ الشیخ ڈاکٹر احمد الطیب نے کہا ہے کہ عراق اور شام میں سرگرم تنظیم دولت اسلامیہ داعش دین اسلام کی مجرم اور صہیونیوں کا خدمت گذار گروپ ہے،سعودی وزیر خارجہ شہزادہ سعود الفیصل سے ملاقات کے دوران شیخ الازھر نے کہا کہ داعش صہیونیوں کے ہاتھ میں اسلام کے خلاف استعمال کیا جانے والا ایک ہتھیار ہے جس کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

ان لوگوں کی وجہ سے پوری دنیا میں اسلام کی بدنامی اور مسلمانوں کی جگ ہنسائی ہوئی ہے۔ڈاکٹر احمد الطیب نے مزید کہا کہ انتہائی دکھ کی بات تو یہ ہے کہ اسلام کے یہ دشمن اسلام ہی کا نام لے کر اسے پوری دنیا میں مذاق بنا رہے ہیں۔ میری نظر میں یہ لوگ کھلے دہشت گرد ہیں، جنہیں صہیونی استعماری قوتوں نے اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کے لیے تیار کر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

اسلام دین رحمت ہے اور یہ لوگ اسلامی خلافت و اسلامی ریاست کے نام پر انسانیت کے خلاف جن جنگی جرائم کے مرتکب ہو رہے ہیں اس کا اسلام سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ مغربی دنیا کی نظریں اس وقت داعش کی سرگرمیوں اوراس کے ہاتھوں نہتے انسانوں کے قتل عام پر لگی ہوئی ہیں۔ مغرب داعش کو بھی اسلام ہی کا نمائندہ خیال کرتا ہے۔ داعش دنیا کو یہ باور کرا رہی ہے کہ اسلام قتل و غارت گری کا دین ہے جس میں شفقت اور احترام آدمیت نام کی کوئی چیز نہیں۔

متعلقہ عنوان :