جامعہ کراچی، ہفتہ طلبہ کے موقع پرشعبہ عمرانیات کے زیر اہتمام ”بچوں کے حقوق سے آگاہی “ کے سلسلے میں لیکچر اور واک کا انعقاد

ہفتہ 13 ستمبر 2014 16:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13ستمبر۔2014ء) مہذب معاشرے کی طرح ہمیں بچوں کو ذمہ دار شہری بنانے کیلئے ان کے بنیادی حقوق اورفرائض پر خصوصی توجہ دینا ضروری ہے ،طبقاتی تقسیم غیر مہذب معاشرے کی علامات ہیں مو،جودہ دور میں بچوں کے بنیادی حقوق کی ذمہ داری اور پاسداری معاشرے کے تمام افراد اورطبقات پر مساوی عائد ہوتی ہے ۔یہ قومی المیہ ہے کہ موجودہ طبقاتی نظام تعلیم ،بچوں کی نفسیات پر منفی اثرات ڈال رہاہے۔

اس پر مستزاد انگلش میڈیم اسکول اور بڑی چین کے اسکولوں نے اس تفریق کو بھی بہت وسعت دی ہے ۔اس تناظر میں سرکاری تعلیمی اداروں کا معیار تعلیم ماضی کی طرح بہتربلکہ قابل رشک بناناہوگا تاکہ سرکاری اسکولوں میں پڑھنے والے بچے احساس کمتری کا شکار ہونے سے بچ سکیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز شعبہ عمرانیات کی چیئر پرسن ڈاکٹر ثوبیہ شہزاد اور اسٹوڈنٹس ایڈوائزر نائلہ عثمان نے شعبہ عمرانیات اور ”چائلڈ رائٹس موومنٹ“ نامی تنظیم کے تعاون سے ہفتہ طلبہ کے موقع پر بعنوان: ”بچوں کے حقوق سے آگاہی “ کے سلسلے میں منعقدہ لیکچر اور واک سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر ثوبیہ شہزاد نے مزید کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ تعلیم ،صحت ،تفریح اور ذہنی تربیت کے حوالے سے عوامی شعور اجاگر کیا جائے تو ملک بھر کے محروم پسماندہ گھرانوں کے بچے بھی مستقبل میں معاشرے کے مفید شہری بن سکتے ہیں اور یہ کام سرکاری اسکول کے اساتذہ ہی انجام دے سکتے ہیں،لہذا حکومت کی سرکاری اسکولوں میں تعلیم اور اساتذہ کی فلاح پر خصوصی توجہ درکار ہوگی۔

سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کو قابل لحاظ ترغیبات دینا چاہئے تاکہ ان کا معیار بہترہوگاتو وہ بھی درس وتدریس میں قومی جذبے سے خدمات انجام دینگے۔اس موقع پر پروگرام کوآرڈینیٹر ڈاکٹر کنیزفاطمہ ،منزہ مدنی ،نوشین رضا،سی آرایم کے غلام محمد میمن ،پلان انٹرنیشنل کے اکبردرس،لیگل رائٹس فورم سے محترمہ شبانہ بھٹی اور طلبہ وطالبات نے کثیر تعدادمیں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :