حالیہ سیلابوں کو انڈین آبی دہشت گردی قرار دیکر عالمی اداروں میں اٹھایا جائے، کسان بورڈلاہور ،

انڈیاکو ہمارے دریاؤں پر ڈیم بنانے سے نہ روکا گیا تو انڈیا کبھی خشک سالی پیدا کرکے اور کبھی سیلابوں سے پاکستان کو تباہ کرتا رہے گا،مقررین کا اجلاس سے خطاب

پیر 15 ستمبر 2014 20:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15ستمبر 2014ء) کسان بورڈلاہور کے صدر میاں رشید منہالہ ، چوہدری صغیر صوبہ ڈوگر، جنرل سیکرٹری سردار عرفان اللہ اور سینئر نائب صدر چوہدری بشیر پڈھانہ نے کہا ہے کہ آبی دہشت گرد بھارت نے بلا اطلاع دریائے ستلج ،راوی ،جہلم اور چناب میں پانی چھوڑ کر"واٹر وار" ِ کا آغاز کر دیا ہے انڈیاکو ہمارے دریاؤں پر ڈیم بنانے سے نہ روکا گیا تو انڈیا کبھی خشک سالی پیدا کرکے اور کبھی سیلابوں سے پاکستان کو تباہ کرتا رہے گا کسان بورڈ سمیت ہمارے ملک کے آبی ماہرین،محب وطن سیاستدانوں،اور درد دل رکھنے والے رہنماؤں نے بارہا حکمرانوں کی توجہ انڈیا کی آبی جارحیت کی جانب مبذول کرائی مگر بے حس حکمرانوں کے کانوں پر جون تک نہیں رینگی ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماہانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ انڈیا نے ہمارے دریاؤں پر درجنوں ڈیم تعمیر کرکے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیاں کیں مگر ہمارے حکمرانوں نے اس پر مسلسل خاموشی کی پالیسی اختیار کر کے ملکی مفادات کا تحفظ کرنے کی بجائے انڈیا سے محبت کی پینگیں بڑھائیں،دوستی بس چلائی ،موسٹ فیورٹ ملک قرار دیکر تجارت بڑھائی حالیہ سیلاب اور بارشوں سے دریائے جہلم ،راوی ،ستلج اور چناب کے کنارے کھڑی اربوں روپے کی فصلیں تباہ ہوچکی ہیں،سینکڑوں افراد اور ہزروں مویشی لقمہ اجل بن گئے بھارت کے ساتھ اسی زبان میں بات کی جائے جسے وہ سمجھتا ہے اور اسکی آبی جارحیت اور پاکستان کو بنجر بنانے کے مذموم مقاصد،واٹر بمب،،کے توڑ کیلئے فوری اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کوآبی دہشت گردی سے نہ روکا گیا تو بھارت اسی طرح دریاؤں میں پانی چھوڑ کر ہمیں تباہ و برباد کرتا رہے گا اورحکمران انڈیا کے پیدا کردہ مصنوعی سیلابوں کو قدرتی آفت کہہ کر عوام کو بے وقوف بناتی رہے گی انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حالیہ سیلابوں کو انڈین آبی دہشت گردی قرار دیکر عالمی اداروں میں اٹھایا جائے ۔

متعلقہ عنوان :