آل ٹیچرز ایسو سی ایشن خیبر پختونخوا اور سٹی ٹیچرز ایسو سی ایشن کا اساتذہ کے تبادلوں پراحتجاج

جمعرات 18 ستمبر 2014 16:22

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18ستمبر۔2014ء) آل ٹیچرز ایسو سی ایشن خیبر پختونخوا اور سٹی ٹیچرز ایسو سی ایشن نے اساتذہ کے تبادلوں کو صوبائی حکومت کا منفی اقدام قرار دیتے ہوئے اپنے مطالبات کی منظوری کے لئے دو دن کی ڈیڈ لائن دے دی ہے بصورت دیگر بھر پور احتجاج کی دھمکی بھی دیدی ہے۔خیبر پختونخوامیں سو سے زائد آسامیوں پر حاضر سروس اساتذہ کے ایک جگہ سے دوسری جگہ تبادلوں پر اساتذہ سراپا احتجاج بن گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

اے ٹی اے اور سی ٹی ٹیچرز کا ایک اجلاس گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول نمبر 1 میں ہوا جس میں آل ٹیچرز اور سٹی ٹیچرز ایسو سی ایشن کے صدور اور دیگر عہدیداروں سمیت مختلف اضلاع سے اساتذہ کے نمائندے شریک ہوئے ۔ اجلاس میں محکمہ تعلیم کی جانب سے سکولوں میں خالی سو سے زائد اساتذہ کی نشستوں پر نئی بھرتیاں کرنے کی بجائے حاضر سروس اساتذہ کی تعیناتی کو غیر قانونی قرار دیا گیا ۔

اساتذہ تنظیموں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ مذکورہ تبادلوں کا فیصلہ واپس لیا جائے اگر دو دن میں مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو پھر اس اقدام کے خلاف اساتذہ سڑکوں پر ہونگے اور پھر پور احتجاج کرینگے ۔ بعد ازاں اساتذہ نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ بھی کیا اور صوبائی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔