جماعة الدعوة کراچی کی جانب سے متاثرین سیلاب کے لیے 25 لاکھ روپے مالیت کا مزید امدای سامان روانہ کردیا گیا

بدھ 24 ستمبر 2014 17:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24ستمبر۔2014ء) جماعة الدعوة کراچی کی جانب سے متاثرین سیلاب کے لیے 25 لاکھ روپے مالیت کا مزید امدای سامان روانہ کردیا گیا۔ روانہ کیے گئے سامان میں 480 خاندانوں کے لیے ماہانہ راشن پیک، 4 ہزار مریضوں کے لیے ادویات اور خیموں سمیت دیگر سامان شامل ہیں۔ امدای سامان جماعة الدعوة کے صوبائی مرکز التقویٰ گلشن اقبال سے امیر کراچی ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے روانہ کیا۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کراچی کے انچارج شاہد محمود بھی موجود تھے۔ امدای سامان کی روانگی کے موقع پر ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مسلسل پانچ برس سے پاکستان پر واٹر بم پھینک رہا ہے۔ اگر بھارت اسی انداز سے مقبوضہ کشمیر میں متنازع ڈیم کی تعمیر مصروف رہا تو پاکستان کی آبادیاں اور فصلیں محفوظ نہیں رہیں گی۔

(جاری ہے)

پاکستان، بھارتی آبی جارحیت کے خلاف عالمی سطح پر مضبوط آواز بلند کرے۔ انہوں نے کہا کہ جماعة الدعوة روز اول سے متاثرین سیلاب کی مکمل بحالی کے لیے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔ حالیہ روانہ کیے گئے امدای سامان میں متاثرین کے لیے ماہانہ راشن پیک کے علاوہ علاج معالجے کے لیے ادویات کی بڑی مقدار بھی شامل ہیں۔ مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ متاثرین سیلاب کی دیگر بنیادی ضروریات پوری کرنے کے علاوہ عید قربان کے موقع پر بھی متاثرین کو عید کی خوشیوں میں شامل رکھیں گے۔ جماعة الدعوة سیلاب متاثرہ اضلاع و علاقوں میں بڑے پیمانے پر متاثرین کے لیے قربانیوں کا اہتمام کرے گی۔ عوام متاثرین کی امداد کے لیے آگے بڑھ کر بھرپور کردار ادا کریں۔