شریف برادران کو بالآخر استعفے دینے پڑیں گے،جمشید دستی،اگر وہ اپنی ضد پر قائم رہے تو پارلیمنٹ کا وجود خطرے میں ہے، شریف برادران کو میثاق جمہوریت تو یاد ہے مگر انہوں نے منظم سازش کے تحت پنجاب میں دھاندلی کروائی وہ انہیں یاد کیوں نہیں ہے ،گفتگو

ہفتہ 27 ستمبر 2014 18:52

شریف برادران کو بالآخر استعفے دینے پڑیں گے،جمشید دستی،اگر وہ اپنی ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27ستمبر۔2014ء) آزاد ممبر قومی اسمبلی جمشید دستی نے کہا ہے کہ شریف برادران کو بالآخر استعفے دینے پڑیں گے اور اگر وہ اپنی ضد پر قائم رہے تو پارلیمنٹ کا وجود خطرے میں ہے۔ اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27ستمبر۔2014ء سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شریف برادران کو میثاق جمہوریت تو یاد ہے مگر انہوں نے منظم سازش کے تحت پنجاب میں دھاندلی کروائی وہ انہیں یاد کیوں نہیں ہے انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کے دور میں ایک منظم سازس کے تحت پنجاب سے پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کے علاوہ آزاد الیکشن لڑنے والے اراکین کو ہرایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ شریف برادران اس ملک میں خرابی کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔ عمران خان نے پارلیمنٹ کی بقاء اور تحفظ کی قسم کھا رکھی ہے۔

(جاری ہے)

حالات بہتر ہورہے ہیں مگر انہیں شریف برادران خود خراب کررہے ہیں۔ حکومت بالخصوص شریف برادران مذاکرات میں سنجیدہ نہیں ہیں اور مذاکرات کو طوالت دی جارہی ہے کراچی کے بڑے جلسے نے شریف برادران کی نیندیں حرام کردی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر میں عمران نے مظاہروں کا اعلان کیا تو ان کی حمایت کریں گے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ممبران اسمبلی کے استعفے اگر سپیکر نے قبول کرلئے تو پھر نواز شریف اور اپوزیشن جماعتوں کو سخت نقصان ہوگا۔ ہم جمہوری بساط لپیٹنا نہیں چاہتے مگر لگتا یہی ہے کہ شریف برادران بارہ اکتوبر 1999 ء کی طرح دوبارہ غلطیاں کررہے ہیں اور اس مرتبہ انہیں نہ کوئی جہاز میں لینے آئے گا اور نہ کوئی موقع فراہم کرے گا۔