وزارت تعلیم سندھ میں متعصب و من پسند افراد کی بھرتیوں نے لاکھوں مہاجر طلبہ اور طالبا ت کامستقبل داوٴ پر لگا دیا ہے،مہاجررابطہ کونسل

جمعرات 2 اکتوبر 2014 12:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 اکتوبر۔2014ء) مہاجر رابطہ کونسل کے سینئر نائب صدر تصدق حسین اور جوائنٹ سیکریٹری راوٴذہین عالم نے محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے انٹر کے داخلہ برائے سال 2015-16میں سینٹرل ایڈمیشن پالیسی میں بد انتظامیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ صوبائی محکمہ تعلیم سندھ کا عمل انتظامی غفلت کے ساتھ ساتھ مہاجر نوجوانوں کے خلاف کھلی سازش ہے ۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے دیگر شہروں میں انٹر کی تعلیم کا آغاز ہوچکا ہے لیکن کراچی میں صوبائی وزارت تعلیم کے متعصبانہ اقدامات کے باعث کراچی میں یہ عمل تاخیر کا شکار ہوگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 14سال سے جاری کیپ پالیسی میں اچانک محکمہ ٴ تعلیم کی جانب سے نئے تجربات اور صوبائی وزارت تعلیم میں متعصب و من پسند افراد کی بھرتیوں کے سبب کراچی کے لاکھوں مہاجر طلبہ اور طالبا ت کامستقبل داوٴ پر لگ گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کا آن لائن سسٹم کا موجودہ اقدام انتہائی مضحکہ خیزتھا جو مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے اور اس کا خمیازہ مہاجر آبادیوں ک کے طلبا ء اور انکے والدین کو بھگتا پڑ رہا ہے ۔تصدق حسین اور راوٴ ذہین عالم نے صدر پاکستان میاں ممنون حسین ، وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ محکمہ تعلیم سندھ اور صوبائی وزیر تعلیم نثار کھوڑو کے مہاجر دشمن اقدامات کا فوری نوٹس لیں اور کراچی کے طلبہ کا مستقبل تاریک ہونے سے بچائیں اس سے قبل کے باشعور مہاجر نوجوان اپنے حق کے لئے سڑکوں پر نکلنے میں مجبو ر ہوں ۔

متعلقہ عنوان :