ڈینگی کنٹرول کی سرگرمیاں عید کی چھٹیوں کے دوران جاری رہیں گی ‘خواجہ سلمان رفیق،ڈینگی پر قابورکھنے کیلئے بلا تعطل ڈینگی سرویلنس ، لاروی سائیڈنگ ضروری ہے‘مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب

جمعرات 2 اکتوبر 2014 22:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2اکتوبر۔2014ء) مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ عید کی چھٹیوں کے دوران ڈینگی کنٹرول کے اقدامات جاری رکھے جائیں گے، ڈینگی کو قابو میں رکھنے کے لئے بلا تعطل ڈینگی سرویلنس اور لاروی سائیڈنگ جاری رکھنا انتہائی ضروری ہے ۔انہوں نے یہ بات سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کمیٹی برائے ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں رکن پنجاب اسمبلی پیر اشرف رسول، کرن ڈار کے علاوہ ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر) محمد عثمان، ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ (ٹیکنیکل) ڈاکٹر سلمان شاہد ، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ویکٹر بارن ڈیزیز ڈاکٹر اسلام ظفر ، تمام متعلقہ محکموں کے سینئر افسران ، ڈین آئی پی ایچ پروفیسر معاذ احمد، پروفیسر وسیم اکرم، ڈاکٹر صومیہ اقتدار، واسا، پی ایچ اے ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ، پی آئی ٹی بی، سپیشل برانج، پولیس اور کنٹونمنٹ بورڈ، محکمہ موسمیات کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر اسلام ظفر نے بتایا کہ صوبہ میں اب تک ڈینگی کے کنفرم مریضوں کی تعداد 134 ہو گئی ہے جن میں سے 36 لاہور، 58 راولپنڈی اور 27 مریض شیخوپورہ سے رپورٹ ہوئے ہیں- ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان نے ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی جانب سے کئے گئے اقدامات بارے بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ یکم اکتوبر کو ڈینگی ریگولیشنز کی خلاف ورزی پر 22 مقدمات درج کئے گئے اور 3 گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پورے ضلع میں ٹاؤن اور یونین کونسلز کی سطح پر ڈینگی سرویلنس کی انڈور اور آؤٹ ڈور سرگرمیاں بھرپور طریقہ سے جاری ہیں ۔ ڈی سی او نے مزید کہا کہ اب تک 773 مقدمات درج ہو چکے ہیں جبکہ 295 افراد کو گرفتار اور لاروا برآمد ہونے پر 34 جگہوں کو سیل کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ سپیشل برانچ کی نشاندہی پر نکاسی آب، صفائی، سالڈ ویسٹ کی تلفی ، کھلے گٹروں پر ڈھکنے اور ایسی دیگر شکایات کا فوری ازالہ بھی کیا جا رہا ہے ۔

ڈی سی او لاہور نے عید کی چھٹیوں کے دوران ڈینگی کنٹرول کے اقدامات جاری رکھنے کے بارے ایکشن پلان اور ڈیوٹی روسٹر بھی اجلاس میں پیش کیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈینگی کے حوالے سے لاہور، راولپنڈی اور شیخوپورہ کے اضلاع زیادہ حساس ہیں ۔ خواجہ سلمان رفیق نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ عید کی چھٹیوں کے دوران ٹارگٹڈآؤٹ ڈوراور انڈور ڈینگی سرویلنس کی سرگرمیاں ایکشن پلان کے مطابق جاری رکھی جائیں۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وہ خود بھی ڈی سی او لاہور کے ہمراہ عید کی چھٹیوں میں سرویلنس ٹیموں کی حوصلہ افزائی کے لئے فیلڈ میں نکلیں گے۔اجلا س میں ڈینگی کی روک تھام اور ہسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کے علاج معالجہ کے لئے کئے گئے اقدامات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے موجودہ کارکردگی کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی۔ خواجہ سلمان رفیق نے لوگوں سے بھی اپیل کی کہ وہ ڈینگی پر کنٹرول کے لئے اپنی ذمہ داریوں کو نبھائیں اور اپنے گھروں کے اندر ڈینگی کی افزائش کا سبب بننے والی اشیا اور ہاٹ سپاٹس کو ختم کریں ۔