کراچی،پاکستان اسٹیل مل کی مشکلات کا سلسلہ جاری ،

حکومتی بیل آوٴٹ پیکیج کے باوجود پیداواری اہداف کے حصول میں ناکامی کے بعد بلاسٹ فرنس لیکیج کے باعث بند ، فولاد سازی کا عمل عارضی طور پرمعطل

جمعرات 9 اکتوبر 2014 21:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9اکتوبر۔2014ء) ملک میں فولاد سازی کے سب سے بڑے کارخانے پاکستان اسٹیل مل کی مشکلات کا سلسلہ جاری ہے اور حکومتی بیل آوٴٹ پیکیج کے باوجود پیداواری اہداف کے حصول میں ناکامی کے بعد گزشتہ روز بلاسٹ فرنس کو لیکیج کے باعث بند کرنا پڑا جس کے بعد ادارے میں فولاد سازی کا عمل عارضی طور پرمعطل ہوگیا ہے۔ذرائع کے مطابق 8 اکتوبر کو اسٹیل کنورٹر میں سوراخ ہوگیا تھا جس کی وجہ سے پاکستان اسٹیل میں اسٹیل میکنگ کا عمل رک گیا تھا جبکہ گزشتہ صبح تقریباً سوا آٹھ بجے بلاسٹ فرنس میں ٹیپنگ ٹیوب دھماکے سے پھٹ گئی جسکی وجہ سے تقریباً 350 ٹن مولٹن لوہا کاسٹنگ فلور اور ریلوے ٹریک پر گر گیا،تاہم خوش قسمتی سے اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا لیکن پیداواری اور کئی انتہائی قیمتی پارٹس اور الیکٹرک کیبلز کو شدید نقصان ہوا، شام تک ٹریک اور مرمتی کام جاری تھا جبکہ اسٹیل ملز ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کوئی بڑا حادثہ نہیں اور 24 گھنٹے میں پیداوار دوبارہ شروع ہوجائے گی جبکہ دیگر ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاسٹ فرنس میں پیداواری عمل نارمل ہونے میں کم از کم ایک ہفتہ لگ سکتا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ بلاسٹ فرنس نمبر 2 تقریباً 6 ماہ سے بند ہے اور اب تک تمام تر کوششوں کے باوجود اسے پیداوار کیلئے تیار نہیں کیا جا سکا اور جب بھی بلاسٹ فرنس نمبر 2 کے بارے میں معلوم کیا گیا تو یہی بتایا گیا کہ آئندہ ہفتہ چل جائے گا ، یہ تاریخیں ڈائریکٹر پروڈکشن واصف محمود کی سربراہی میں کام کرنے والی ٹیم دیتی رہی ہے۔دوسری جانب اسٹیل مل کی انتظامیہ نے حکومت سے ادارے کے مختلف یونٹس کی مرمت اور دیکھ بھال کیلئے مزید8ارب13کروڑ روپے طلب کرلئے ہیں،ادارے کے ایک اہم اعلیٰ اہلکار نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وفاقی حکومت سے مختلف یونٹس کی مرمت اور دیکھ بھال کیلئے 8ارب13کروڑ روپے کی رقم کی فراہمی کی درخواست کی ہے تا کہ ادارے میں اہداف کے مطابق پیدوار حاصل کی جاسکے۔

اس ضمن میں اسٹیل مل انتظامیہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کوسے مطالبہ کئے گئے28ارب روپے کے پیکیج میں مرمتی اخراجات بھی شامل تھے جس میں سے حکومت نے محض18ارب 50کروڑ روپے منظور کئے تھے،ان18ارب پچاس کروڑ روپے میں سے 9ارب روپے خام مال کی خریداری جبکہ بقیہ رقم ملازمین کو تنخواہوں و واجبات کی ادائیگی اور یوٹیلیٹی بلز کی ادائیگی کیلئے خرچ کئے جانے تھے،بلاسٹ فرنس بند ہوجانے سے اس وقت ادارے میں فولادی سازی کا عمل مکمل طور پر بند ہوچکا ہے جبکہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسٹیل میکنگ ڈپارٹمنٹ،کوک اوون بیٹری،ٹربائن اور دیگر یونٹس میں کام معمول کے مطابق جاری ہے،واضح رہے کہ بیل آوٴٹ پیکیج کے تحت اسٹیل مل نے رواں ماہ اکتوبر کے دوران 50فیصد پیداواری ہدف حاصل کرنا تھا ،تاہم اس وقت ادارے کی پیداواری25فیصد سے بھی کم تھی جبکہ نومبر میں77فیصد پیداواری ہدف کے حصول کی تاریخ کو اب جنوری2015تک آگے بڑھا دیا گیا ہے۔

#

متعلقہ عنوان :