نرسنگ سکول جنرل ہسپتال میں داخلے کیلئے حافظ قرآن طالبات کا ٹیسٹ کل (جمعرات) کو ہوگا

منگل 21 اکتوبر 2014 21:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اکتوبر 2014ء) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے نرسنگ سکول جنرل ہسپتال میں تربیتی کورس میں داخلے کیلئے حافظ قرآن امیدوار بچیوں کے ٹیسٹ کے لیے چار رکنی کمیٹی تشکیل دے دی جو 23اکتوبر (بروز جمعرات) کو امیدواروں کا ٹیسٹ لے گی۔ کامیاب امیدواروں کو حکومتی پالیسی کے مطابق اضافی نمبر ملیں گے۔

(جاری ہے)

پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے کہا کہ نرسنگ کے مذکورہ تین سالہ تربیتی کورس کے لیے 39 سیٹوں پر939امیدواروں نے درخواستیں دی ہیں جن میں سے 8 بچیوں نے حافظ قرآن ہونے کے سرٹیفکیٹ بھی جمع کرائے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نرسنگ سکول میں داخلے کے لیے ایف ایس سی پاس امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے داخلہ کمیٹی کے ارکان کو ہدایت کی کہ وہ داخلوں میں میرٹ کے حصول پر سختی سے عمل کریں اور منتخب ہونے والی امیدواروں کے تعلیمی اسناد و ڈومیسائل کی جانچ پڑتال و تصدیق بھی ضرور کروائی جائے۔

انہوں نے کہاکہ تعلیمی اسناد بوگس ثابت ہونے پر امیدوار کا داخلہ منسوخ کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ منتخب امیدواروں کو حکومتی پالیسی کے مطابق ماہانہ وظیفہ اور ہاسٹل میں فری رہائش بھی دی جائے گی۔