پاکستان کی ترقی اور قوم کی خوشحالی کے سفر کو کہیں رکنے نہیں دیا جائے گا،علی اکبر گجر

بدھ 22 اکتوبر 2014 17:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 اکتوبر۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی سیکریٹری اطلاعات علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور قوم کی خوشحالی کے سفر کو کہیں رکنے نہیں دیا جائے گا․وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف ڈیل کی بجائے سیاسی ڈھیل دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں جس کا انتہائی مثبت نتیجہ دھرنوں کے خاتمے کا آغاز ہے․ کروڑوں پاکستانیوں کے اعتماد سے وزیر اعظم بننے والے ہمارے قائد کو کسی سودے بازی کی ضرورت نہ تھی اور نہ کبھی ہوگی․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی قیادت آئین میں دیئے گئے حق حکمرانی پر عمل کر رہی ہے اور سیاسی مخالفین سے بھی اس بات کی توقع رکھتی ہے کہ مطالبات منوانے کے لئے آئینی راستہ اختیار کریں گے․پاکستان مسلم لیگ(ن) نے حکومتی وسائل کو دھرنوں کے خلاف استعمال نہ کر کے مدبرانہ فیصلہ کیااور قوم کی طرف سے مسترد کئے جانے کے باوجود پاکستان مسلم لیگ(ن) نے اسلام آباد کے دھرنوں میں مداخلت نہیں کی․پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے سیکریٹری اطلاعات علی اکبر گجر نے پاکستان عوامی تحریک کی طرف سے دھرنے کے خاتمے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ علامہ طاہر القادری اپنے سیاسی کزن کو بھی واپس لاہور لے جانے میں کامیاب ہونگے․ پاکستان کی تمام جمہوری قوتوں نے روز اول سے ہی دھرنے والوں کو پارلیمنٹ کے ذریعے مسائل کے حل کا راستہ دکھایا تھا․ دھرنے اور بد امنی کی سیاست کسی مسئلے کا حل نہیں ہوتی مطالبات کسی بھی نوعیت کے ہوں ان کا حل مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہوتا ہے․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی قیادت کی دوراندیشی اور ریاستی طاقت استعمال نہ کرنے کے فیصلے کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں․ اور بہت جلد اسلام آباد دوبارہ سے دھرنوں کی بجائے تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کا مرکز بن جائے گا․ مسلم لیگ(ن) سندھ کے سیکریٹری اطلاعات علی اکبر گجر نے کہا کہ قوم امید کرتی ہے کہ علامہ طاہر القادری اپنے سیاسی کزن کو بھی اس بات پر آمادہ کرلیں گے کہ وہ بھی اب کنٹینر سے اتریں اور خیبر پختونخوا کے عوام کی افسوسناک حالت زار میں بہتری کے لئے اپنی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دیں․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی وفاقی حکومت پاکستانی عوامی تحریک کی مذہبی سرگرمیوں میں بھرپور معاونت کرنے کو تیار ہے تاکہ علامہ صاحب دین کی ترویج و تبلیغ کا فریضہ احسن طریقے سے ادا کر سکیں․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کی قیادت اور کارکن پاکستانی عوام تحریک کے کارکنوں کے صبر استقامت کے معترف ہیں اور انہیں بھی اس بات کا یقین دلاتے ہیں کہ علامہ طاہر القادری کی دینی خدمات کے لئے پارٹی اور حکومتی سطح سے ہر ممکن مدد فراہم کریں گے․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی سیکریٹری اطلاعات علی اکبر گجر نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) علامہ طاہر القادری کے بعد ان کے سیاسی کزن سے بھی اس بات کی امید کرتی ہے کہ وہ بھی بلا تاخیر ڈی چوک سے روانگی کا اعلان کریں گے اور خیبر پختونخوا کے عوام نے ان سے جو امیدیں وابستہ کر لی تھیں ان پر پورا اترنے کے لئے کام کرنا شروع کردیں گے․ جلسے جلوس سیاسی سرگرمیوں کا حسن ہیں پاکستان مسلم لیگ(ن) ملک کے کسی بھی حصے میں سیاست کی خوبصورتی کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دے گی تاکہ آئندہ انتخابات تک قوم کے سامنے سیاست کے مثبت اور منفی کردار بے نقاب ہو جائیں ․ہمیں اس بات کا یقین ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) آئندہ بھی سیاسی میدان کی شہسوار بن کر ابھرے گی․

متعلقہ عنوان :