کوئی بھی حکومت سے ڈیل کے دستخط شدہ دستاویزی ثبوت سامنے لے آئے 5کروڑ نقد انعام دوں گا، ڈاکٹر طاہر القادری

پیر 27 اکتوبر 2014 21:25

کوئی بھی حکومت سے ڈیل کے دستخط شدہ دستاویزی ثبوت سامنے لے آئے 5کروڑ ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27 اکتوبر۔2014ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے حکومت سے ڈیل کے دستخط شدہ دستاویزی ثبوت سامنے لانے والے کیلئے 5کروڑ نقد انعام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی لندن روانگی کی وجہ سے اپنا شیڈول تبدیل کر کے امریکہ جاریا ہوں ، عمران خان کے کنٹینر پر خطاب کے بعد ان سے ہونیوالی ون ٹو ون ملاقات میں دھرنا ختم کرنے اور اسے ملک گیر سطح پر پھیلانے کی منصوبہ بندی سے آگاہ کر دیا تھا۔

اپنی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طاہر القادری نے کہا کہ میں نے شیڈول کے مطابق عوامی تحریک اوور سیز تنظیموں کو متحرک کرنے کے سلسلہ میں پہلے مرحلے میں لندن پہنچنا تھا لیکن جب مجھے وزیر اعلیٰ پنجاب کی لندن روانگی کی خبر ہوئی تو میں نے کسی نئے لندن پلان کے شوشے سے بچنے کیلئے لندن روانگی کا شیڈول تبدیل کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

اب میں لندن ائیرپورٹ کے لاؤنج میں چھ گھنٹے قیام کے بعد نارتھ امریکہ روانہ ہو جاؤں گا جہاں عوامی تحریک کی تنظیموں کو متحرک کیا جائے گا ۔

13نومبر کو کینڈا آؤں گا جہاں تین روز قیام کے بعد میری 16نومبر کو واپسی ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے جیسے جیسے وقت میسر آتا رہے گامیں بیرون ممالک دورے کر کے اورر سیز تنظیموں کو فعال کروں گا ۔انہوں نے کہا کہ حکمران بیرون ممالک کے دورے تو کرتے ہیں لیکن وہاں کی جمہوریت ‘ عوام کے حقوق اور گڈ گورننس کو نہیں سیکھتے ۔ لندن میں کشمیریوں سے آزادی یکجہتی کیلئے ملین مارچ کیا گیا لیکن وہاں کی حکومت نے اس مارچ کو روکنے کے لئے کنٹینر لگائے ، گرفتاریاں کیں اور نہ ہی آنسو گیس کے شیل پھینکے اور اسے جمہوریت کہتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں عوامی تحریک حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کرنے کے لئے عملی طور پرمیدان میں آ چکی ہے اور ہم عوام کے حقوق کی بازیابی کے لئے اپنی جمہوری اور سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ہم اپنے جلسوں اور دھرنوں میں حکمرانوں کی بد اعمالیوں‘ کرپشن او ر نا اہلیت کو بے نقاب کریں گے ۔ ہمارے انقلاب مارچ اورستر دن کے دھرنے کی جدوجہد کا نتیجہ ہے کہ حکومت نے اپنے وزراء کی نا اہلیت اور ناکامی کو تسلیم کیا ہے او ر کابینہ میں رد وبدل شروع کرنے کے علاوہ انکی کارکردگی جانچنے کا فیصلہ کیا ہے ،23نومبر سے ایک نیا منظر دیکھنے میں آئے گا ۔

انہوں نے کہا کہ گرمی ختم ہو چکی ہے لیکن اسکے باوجود اور مئی اور جون سے زیادہ لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے ۔ 800ارب کے گردشی قرضوں کے حوالے سے محرم الحرام کے بعد وائٹ پیپر جاری کیا جائے گا ۔ ملک کو بیرونی قرضوں میں جکڑ دیا گیا ہے تاکہ پاکستان آزاد اور طاقتور ملک کے حیثیت سے اپنی کوئی پالیسی نہ بنا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیل کی باتیں سامنے آنے پر اسکو مسترد کر چکے ہیں لیکن میں پھر دعوت عام دیتا ہوں کہ کوئی بھی شخص عوامی تحریک کے کسی کی رہنما پر تین سے چار روز میں حکومت سے ڈیل کی دستخط شدہ دستاویز سامنے لے آئے ہم میڈیا کے سامنے اسے پانچ کروڑ روپے نقد انعام دیں گے ورنہ نصیحت کروں گا کہ الزام تراشی اور تہمت سے گریز کیا جائے او رہماری سیاست سے اس کلچر کو ختم ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا آج بھی مطالبہ ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی شفاف تحقیقات کیلئے ہماری مشاورت سے جے آئی ٹی بنائی جائے لیکن اسکی سربراہی پنجاب پولیس سے قبول نہیں کرینگے۔

متعلقہ عنوان :