شعبہ تعلیم میں شفافیت لانے کے لئے خیبر پختونخوا کے تمام تعلیمی بورڈز کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کا فیصلہ

ہفتہ 1 نومبر 2014 20:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم نومبر 2014ء) خیبر پختونخوا حکومت نے شعبہ تعلیم میں شفافیت لانے اور عوام کی سہولیات کے لئے صوبہ بھر کے تعلیمی بورڈز کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پشاور تعلیمی بورڈ میں پہلے ہی انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے تمام ڈیٹا کمپیوٹرائزڈکر دیا گیا ہے جس سے عوام کی مشکلات میں بڑی حد تک کمی واقع ہوئی ہے صوبائی وزیر تعلیم عاطف خان کی ہدایات کی روشنی میں صوبہ بھر کے تعلیمی بورڈز کے سربراہان کا ایک خصوصی اجلاس زیر صدارت ایڈیشنل سیکرٹری ایجوکیشن قیصر عالم منعقد ہوا جس میں پشاور سمیت صوبہ بھر کے آٹھوں تعلیمی بورڈز کے سربراہان سمیت آئی ٹی ماہرین نے شرکت کی۔

اجلاس میں مختلف امور خصوصاً تعلیمی شعبہ میں شفافیت لانے اور عوام کی سہولت کے لئے ایک روڈ میپ کے تحت مختلف اقدامات اٹھائے گئے اور فیصلہ کیا گیا کہ صوبہ بھر کے تمام تعلیمی بورڈز کو آئی ٹی ماہرین کی خدمات حاصل کر کے کمپیوٹرائزڈ کیا جائے گا جس میں طلبہ کی آن لائن رجسٹریشن سمیت ایڈمیشن اور ریذلٹ وغیرہ کے عمل کو مکمل کمپیوٹرائزڈ کیا جائے گا جو ڈیجیٹل ہونے کی وجہ سے عوام کی رسائی کے لئے آسان ثابت ہو گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پشاور تعلیمی بورڈ میں پہلے ہی ڈیٹا کمپیوٹرائزڈ کر دیا گیا ہے جس کے دوررس نتائج عوام میں سامنے آ رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :