پنجاب سکول ریفارمز روڈ میپ پر عملدر آمد کے تعلیمی شعبے پر مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں، میاں شہبازشریف

جمعرات 6 نومبر 2014 20:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6نومبر 2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ پنجاب سکول ریفارمز روڈ میپ پر عملدر آمد کے تعلیمی شعبے پر مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں ۔نئے بچوں کے سکولوں میں داخلے کے مقررہ اہداف کے حصول کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انرولمنٹ بڑھانے کے ساتھ ساتھ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے پر بھی بھر پور توجہ دی جائے۔

پنجاب سکولز ریفارمز روڈ میپ کو متحرک طریقے سے آگے بڑھایا جائے ،کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونی چاہیے۔تعلیمی شعبے کی بہتری کے حوالے سے نہایت اہمیت کے حامل پنجاب سکولز ریفارمز روڈ میپ پر عملدر آمدمیں سست روی برداشت نہیں۔ وہ یہاں پنجاب سکول ریفارمز روڈ میپ کے حوالے سے اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں سکولز ریفارمز روڈ میپ کے اہداف ،ان کا حصول ،تعلیمی شعبے پر اثرات اوردیگر امور کا جائزہ لیاگیا۔

(جاری ہے)

برطانوی ماہر تعلیم سر مائیکل باربرنے سکول ریفارمز روڈ میپ پر پیشرفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب سکولز ریفارمز روڈ میپ کے تحت سرکاری سکولوں میں تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور سکولوں میں طلباء اور اساتذہ کی حاضری کو یقینی بنایا جارہاہے ۔ پنجاب حکومت معیاری تعلیم کے فروغ اور سرکاری سکولو ں میں سہولیات کی فراہمی پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے- نئی نسل کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے وسائل کی فراہمی سود مند سرمایہ کاری ہے-انہوں نے کہا کہ تعلیمی اصلاحات کے پروگرام کے حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہو رہے ہیں او راس پروگرام کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے- انہوں نے کہا کہ سکول ریفارمز روڈ میپ پروگرام کے بھر پور نتائج کے حصول کیلئے محکمہ تعلیم کے افسران کی تقرری کرتے وقت اس بات کا خیال رکھا جائے کہ وہ حکومت کی ٹرانسفر پالیسی سے متاثر نہ ہوں ۔

انہو ں نے ماہر تعلیم ڈاکٹر ظفر قریشی کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے کہاکہ یہ کمیٹی ماہرین کی مشاورت سے پرائیویٹ سکولز بل کا جائزہ لے- انہوں نے کہاکہ سکولوں میں انرولمنٹ اور ڈراپ آؤٹ کا باقاعدگی سے سروے کیاجائے اور سروے کی روشنی میں اگر کوئی کوتاہی سامنے آئے تو اسے فی الفور دور کیا جائے-انہوں نے کہاکہ سکولوں میں اساتذہ کی تعداد کو طلبا کی تعداد کے تناسب سے حقیقت پسندانہ بنانے کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں-ٹیچرز ٹریننگ پروگرام کے تحت اساتذہ کی تدریسی صلاحیتیں بڑھائی جارہی ہیں - پنجاب حکومت ٹیچر ز ٹریننگ پروگرام پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں- برطانوی ماہر تعلیم سر مائیکل باربر نے کہاکہ پنجاب حکومت نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں تعلیمی اصلاحات کے پروگرام پر موثر انداز میں عملدر آمدکیا ہے۔

تعلیمی شعبے میں بہتری کا کریڈٹ پنجاب کے وزیراعلیٰ شہبازشریف کو جاتا ہے - ڈیفڈ کے کنٹری ہیڈرچرڈ منٹگمری نے کہاکہ وزیراعلیٰ کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے،جس کی کاوشوں سے تعلیم کے شعبے میں نمایاں بہتری آئی ہے ۔اجلاس میں مشیر اعجاز نبی،چیف سیکرٹری ،چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات ،متعلقہ سیکرٹریز ، ماہرین تعلیم اور پنجاب سکولز ریفارمز روڈ میپ کی ٹیم کے اراکین نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :