دورہ چین کا مقصد ملک سے لوڈشیڈنگ کے عذاب کا خاتمہ ہے، نواز شریف

جمعہ 7 نومبر 2014 15:51

دورہ چین کا مقصد ملک سے لوڈشیڈنگ کے عذاب کا خاتمہ ہے، نواز شریف

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 7نومبر 2014ء) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دو ماہ کے دوران سیاسی بحران کی وجہ سے ملک کی معیشت کو بہت نقصان پہنچا اور اس نقصان کے ازالے کے لئے جو ممکن ہوا اسے بروئے کار لائیں گے۔جمعہ کے روز وزیر اعظم نواز شریف اور وزیراعلی شہباز شریف چین کے دورے پر روانہ ہو گے جہاں پر توانائی ،ریلوے کا نظام سمیت سڑکوں کے بنانے کے 14 مختلف منصوبوں پر دستخط کئے جائیں گے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب بھی چینی قیادت اور سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں کریں گے۔

چین روانگی سے قبل نواز شریف اور شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کی ۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دورہ چین کا مقصد ملک سے لوڈشیڈنگ کے عذاب کا خاتمہ ہے اور عوام کو آئندہ موسم گرما کی لوڈشیڈنگ سے بچانے کے لئے چین کا دورہ کررہا ہوں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران سیاسی بحران کی وجہ سے ملک کی معیشت کو بہت نقصان ہوا ہے اور اس نقصان کے ازالے کے لئے جو ممکن ہوا اقدامات کریں گے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں معاشی راہداری کے منصوبے سے ہمارے ملک اور معیشت پر دوررس اثرات مرتب ہوں گے اور ان منصوبوں سے 10 لاکھ سے زائد نوجوانوں کو روز گار میسر ہوگا جو کہ بہت خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک چین منصوبوں سے دوطرفہ تعلقات بھی مضبوط ہوں گے اور ان منصوبوں سے مقامی اور عالمی سرمایہ کار بھی فائدہ اٹھا سکیں گے ۔اس موقع پر وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ پاک چین دوستی میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دیں گے ۔دھرنے والوں نے چینی سرمایہ کاروں کے دورے میں رکاوٹ ڈال کر ملک دشمنی کا ثبوت دیا لیکن وزیر اعظم کے دوہ چین سے ملک میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔