Live Updates

پنجاب میں بارشوں کے امکان پر پیشگی حفاظتی اور ضروری انتظامی اقدامات کا حکم

ریسکیو سروسز کے ادارے فوری حفاظتی اقدامات کریں، نکاسی آب کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 27 اپریل 2024 11:59

پنجاب میں بارشوں کے امکان پر پیشگی حفاظتی اور ضروری انتظامی اقدامات ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 اپریل 2024ء ) وزیراعلیٰ پنجاب نے بارشوں کے امکان پر پیشگی حفاظتی اور ضروری انتظامی اقدامات کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں بارشوں سے متعلق پیشگی حفاظتی اقدامات کا حکم دیا ہے، اس حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ نکاسی آب کیلئے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور ایم ڈی واسا متحرک رہیں، متعلقہ آفیسرزشفٹ سمیت تمام فیلڈ میں موجود رہیں، نکاسی آب کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، ریسکیو سروسز کے ادارے فوری حفاظتی اقدامات کریں، اس کے علاوہ صوبے بھر میں ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔

بتایا جارہا ہے کہ محکمہ موسمیات نے اگلے چار روز تک طوفانی بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی ہے ، پی ڈی ایم اے نے پیر تک پنجاب کے مختلف اضلاع میں طوفانی بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا ہے اور اس حوالے سے متعلقہ محکموں کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 26 سے 29 اپریل تک پنجاب کے اضلاع میں طوفانی بارشیں ہوں گی جن علاقوں میں بارشیں ہوں گی ان میں مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، جہلم اور چکوال شامل ہیں، اس کے علاوہ منڈی بہا الدین، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور، اوکاڑہ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، پاکپتن، ساہیوال میں بارشیں ہوں گی۔

(جاری ہے)

ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا کہ بیشتر اضلاع میں بارش کے ساتھ ژالہ باری کے بھی امکانات ہیں، وزیر اعلی کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر ومواصلات، لوکل گورنمنٹ، لائیو اسٹاک، محکمہ اطلاعات، واسا، پولیس اور سول ڈیفنس کو الرٹ جاری کر دیا ہے جب کہ پی ڈی ایم اے انتظامیہ کو بھی نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات