شیریں مزاری نے وزیراعظم کی جانب سے حکومتی کمیشن کے ذریعے دھاندلی کی تحقیقات کو مکمل طور پر مسترد کردیا

جمعہ 7 نومبر 2014 20:03

شیریں مزاری نے وزیراعظم کی جانب سے حکومتی کمیشن کے ذریعے دھاندلی کی ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 7نومبر 2014ء) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری نے وزیراعظم نواز شریف کی اپنے منصب پرموجودگی کے دوران حکومتی کمیشن کے ذریعے دھاندلی کی تحقیقات کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے صرف آزادانہ کمیشن کے ذریعے مقررہ مدت کے اندر دھاندلی کی تحقیقات ہی قبول کرنے کا عندیہ دیا ہے مرکزی میڈیا سیل کی جانب سے جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سپریم کورٹ کے آزاد کمیشن کے ذریعے مئی 2013کے انتخابات میں کی جانے والی دھاندلی کی تحقیقات سے متعلق بیان میں دھرنا ختم کرنے کا بالکل کوئی عندیہ نہیں دیا بلکہ ان کے مطابق چیئرمین عمران خان متعدد مواقع پر یہ واضح کر چکے ہیں کہ اگر سپریم کورٹ کے آزاد کمیشن کے ذریعے دھاندلی کی تحقیقات کا عمل آگے بڑھایا جاتا ہے تو بھی تحقیقات کے اختتام تک دھرنا جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ چیئرمین عمران خان یہ بھی واضح کر چکے ہیں کہ وزیراعظم میاں نواز شریف جو کہ 2013کے انتخابات میں دھاندلی سے فیضیاب ہونے والے سب سے نمایاں شخص ہیں کہ ان کے منصب پر فائز ہوتے ہوئے کسی بھی حکومتی کمیشن کے ذریعے دھاندلی کی تحقیقات کی تجویز مناسب نہیں۔ ان کے مطابق تحریک انصاف واضح طور پر یہ سمجھتی ہے کہ اگر دھاندلی کی تحقیقات کے دوران بھی وزیراعظم اپنے منصب پر فائز رہتے ہیں تو اس سے آزاد انداز میں تحقیقات آگے بڑھانا ممکن نہ ہوگا۔

انہوں نے زور دے کرکہا کہ چیئرمین تحریک انصاف کا مئی 2013کے انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کو بامعنی اور نتیجہ خیز بنانے کیلئے اصولی موقف اپنایا کہ 2013کے انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ کی جانب سے آزاد تحقیقاتی کمیشن قائم کیا جائے۔ کمیٹی اپنی تحقیقات مقررہ وقت کے اندر مکمل کرے۔ تحقیقات کے عمل کے دوران بھی تحریک انصاف کا آزادی دھرنا جاری رہے گا چنانچہ اس حوالے سے کسی کو بھی کسی بھی قسم کے شک و شبہ میں نہیں رہنا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :