قوم متحد ہے ،بھارت کچھ نہیں بگاڑ سکتا ، عبدالقادر بلوچ

ہفتہ 8 نومبر 2014 18:57

کوئٹہ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 8نومبر 2014ء) وفاقی وزیرسرحدی امور لیفٹیننٹ جنرل(ریٹائرڈ) عبدالقادربلوچ نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم متحد ہے اور ہندوستان اس کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا اوراگر کسی نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تواس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے تعمیر نو گرلز ہائی سکول کے نئے اکیڈمک بلاک کی سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارا مذہب تفرقہ بازی کی اجازت نہیں دیتا اور مسلمانوں پر زور دیتا ہے کہ وہ متحد ہوکر اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہئے کہ ملک سے دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خاتمے کے لئے متحد ہوکر حکومت کی جانب سے دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خاتمے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کا بھرپور ساتھ دیں تاکہ ملک کو اس لعنت سے پاک کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم میاں محمدنوازشریف کا چین کے دورے کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ اس دورے کے خاطر خواہ نتائج سامنے آئیں گے اور چین کی جانب سے پاکستان میں 34 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے ملکی معیشت ترقی کی راہ پرگامزن ہوسکے گا جبکہ اس سے گوادر پورٹ کو 170 ارب ملے گا جس سے وہاں پر ترقی کی نئی راہیں کھلے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین تعاون ملکی وغیرملکی سرمایہ کاروں کے لئے تجارتی مواقع بھی پیدا کرے گا۔

متعلقہ عنوان :