حکومت کی جانب سے پاکستانی جامعات میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کا یہ عمل مثبت اورخوش آئند ہے،ڈاکٹر ظفر اقبال

پیر 17 نومبر 2014 17:47

کراچی (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 17نومبر 2014ء)وفاقی اردو یونیورسٹی میں وزیر اعظم لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت ہونیوالے پروگرام سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجموعی طور پر حکومت کی جانب سے پاکستانی جامعات میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کا یہ عمل مثبت اورخوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کے علم میں ہے کہ قومی خزانے کا پیسہ اکثر صحیح مصرف میں استعمال نہیں ہوتا مگرلیپ ٹاپ اسکیم کا یہ عمل تعلیمی شعبے میں ایک بہترین اور عمدہ کوشش ہے جس سے طلباء کو تحقیق و دیگر کاموں میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہر چیز کے استعمال کے مثبت اور منفی دو طریقے ہوتے ہیں۔یہ انسان پر منحصر ہے کہ اس کا استعمال کس طرح کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ منتظمین نے لیپ ٹاپ تقسیم کا کام شفاف انداز میں کیا جس پرمیں انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر فہیم الدین نے کہا کہ حکومت کی جانب سے لیپ ٹاپ کی تقسیم تعلیمی میدان میں ایک نئی جہت ثابت ہوگی اس سے نہ صرف تحقیق بلکہ طلباء میں تعلیم کے حصول کیلئے ایک نیا جذبہ پیدا ہوگا۔

کوالٹی انہاسمنٹ سیل کے ڈائریکٹرڈاکٹر کامران احسن نے شیخ الجامعہ کو لیپ ٹاپ کی تقسیم کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔ڈاکٹر اسماعیل موسیٰ نے کہا کہ جامعہ اردو میں 2263 لیپ ٹاپ تقسیم کئے جائیں گے جس میں ایک ہزار اسلام آباد کیمپس کے طلباء کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔اس موقع پر ناظم امتحانات پروفیسر ڈاکٹر وقار الحق ،ڈاکٹر صارم اور ایچ ای سی کے سسٹم انجینئر دانش بھی موجود تھے۔