کسان گندم کے بیج کیلئے 2400 روپے فی بیگ سے زائد قیمت ادا نہ کریں‘ صوبائی وزیر زراعت

پیر 17 نومبر 2014 19:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17نومبر 2014ء ) صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے محکمہ زراعت کے افسران اور سیڈ کارپوریشن کے عملے کو ہدایت کی ہے کہ وہ کھاد اور بیج کی بلیک مارکیٹنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت کریک ڈاوٴن شروع کریں۔ کاشتکارں کے نام اپنے پیغام میں وزیر زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ کسان گندم کے بیج کیلئے 2400 روپے فی بیگ سے زائد قیمت ادا نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکار شکایات کی صورت میں وزیر زراعت کے دفتر یا محکمہ زراعت کے مقامی دفتر سے رابطہ کریں، انکی شکایات پر فوری ایکشن لیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے گندم کے بیج کی قیمتوں کے تعین اور بلیک مارکیٹنگ کی روک تھام کیلئے بلائے گئے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبے میں گندم کی بہترین پیداوار کیلئے محکمہ زراعت تمام تر سہولیات فراہم کرے گا۔

وزیر زراعت نے کہا ہے کہ جس ضلع میں گندم کے بیج کی بلیک مارکیٹنگ کی شکایت آئی تو غفلت برتنے والے عملے کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ زراعت ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور اس کی ترقی میں رکاوٹ بننے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ ڈاکٹر فرخ جاوید نے بتایا کہ وہ گندم کی بوائی کا آغاز کرنے کل ایوب ایگری کلچر ریسرچ انسٹی ٹیوٹ فیصل آباد جائیں گے۔