وسطی یورپ سے تجارت میں وسعت کیلئے کوشاں ہیں ، ہنگری کو پاکستان میں زراعت ، توانائی، انفار میشن ٹیکنالوجی ،ہاؤسنگ و متبادل توانائی میں سرمایہ کاری کی دعوت دی، پاکستان کے تمام سیکٹروں میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے منافع بخش کاروبار کے مواقع موجود ہیں، ہنگری کے کاروباری نمائندوں کا وفد فروری کے اواخر میں کراچی میں مجوزہ ایکسپو پاکستان میں شرکت کرے گا،

وزیر تجارت انجینئرخرم دستگیرکی ہنگری کے سفیر اسٹون سزبوسے ملاقات میں گفتگو

پیر 24 نومبر 2014 21:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 24نومبر 2014ء) وزیر تجارت انجینئرخرم دستگیرنے کہا ہے کہ وسطی یورپ سے تجارت میں وسعت کیلئے کوشاں ہیں ، ہنگری کو پاکستان میں زراعت ، توانائی، انفار میشن ٹیکنالوجی ،ہاؤسنگ اور متبادل توانائی میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے، پاکستان کے تمام سیکٹروں میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے منافع بخش کاروبار کے مواقع موجود ہیں، ہنگری کے کاروباری نمائندوں کا وفد فروری کے اواخر میں کراچی میں مجوزہ ایکسپو پاکستان میں شرکت کرے گا۔

وہ پیرکویہاں ہنگری کے سفیر اسٹون سزبوسے ملاقات میں گفتگوکررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ یورپی یونین سے جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے بعد 85%پاکستانی مصنوعات پرڈیوٹی ختم کر دی گئی ہے جس کی بدولت رواں سال کے پہلے آٹھ ماہ میں پاکستان سے یورپ کو برآمدات میں گزشتہ سال کی نسبت 76.7ارب روپے کا اضافہ ہوا جو کہ گزشتہ سال کے پہلے آٹھ ماہ کی برآمدات کی نسبت 18% زائد ہے ، ملک میں توانائی کی کمی کے باوجود یورپی یونین کو برآمدات میں یہ اضافہ انتہائی خوش کن اور موجودہ حکومت کی کامیاب معاشی سفارتکاری کا مظہر ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں کاروبار کو سہل بنانے کیلئے پالیسی اقدامات کر رہی ہے تاکہ ملکی اور بیرونی سرمایہ کاروں کو منافع بخش اور محفوظ سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کئے جاسکیں اور ان کا کھویا ہوا اعتماد بحال کیا جاسکے، دنیا بھر سے سرمایہ کاروں کی متعدد شعبوں میں پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی اس امر کی مظہر ہے کہ پاکستان کی معاشی پالیسیاں بہترین اور درست سمت میں گامزن ہیں۔

اس موقع پر ہنگری کے سفیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس خطے میں سب سے زیادہ منافع بخش کاروبار کے مواقع فراہم کرتا ہے ، ہنگری کی متعدد ملٹی نیشنل کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہیں اور ان کا کاروباری وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا ۔انھوں نے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا کہ ہنگری نے اس سال پاکستانی طلباء کیلئے جدید شعبوں میں 80وظائف کا اعلان کیا ہے جس سے دونوں ممالک کے مابین عوامی سطح پر بھی تعلقات مستحکم ہوں گے۔