پاکستان سمیت دنیا بھر میں روئی کی قیمتوں میں مندی کے اثرات برقرار، بھارت میں حکومت کی اپنے کاشتکاروں سے پھٹی کی براہ راست خریداری کے سبب کپاس کی قیمتوں میں تیزی

منگل 25 نومبر 2014 14:59

پاکستان سمیت دنیا بھر میں روئی کی قیمتوں میں مندی کے اثرات برقرار، ..

کراچی(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 25نومبر 2014ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں روئی کی قیمتوں میں مندی کے اثرات برقرار ہیں تاہم بھارت میں اسکے برعکس وہاں کی حکومت کی اپنے کاشتکاروں سے پھٹی کی براہ راست خریداری کے سبب کپاس کی قیمتوں میں تیزی رہی تاہم پاکستان میں آئل کیک اور کاٹن سیڈ کی قیمتوں میں تیزی کی وجہ سے پھٹی کی قیمتیں مستحکم رہیں۔روئی کے بیوپاریوں کو خدشہ ہے کہ ٹی سی پی کی تاحال روئی کی عدم خریداری سے پاکستان میں رواں ہفتے بھی روئی کی تجارتی سرگرمیاں مندی سے دوچار رہیں گی۔

چیئر مین کاٹن جنرز فورم احسان الحق کے مطابق دنیا بھر میں کپاس کی پیداوار اور روئی کے اینڈنگ اسٹاکس پہلے تخمینوں کے مقابلے میں زیادہ ہونے اور چین کی جانب سے کاٹن امپورٹس صرف مقررہ کوٹے تک ہی محدود رکھنے کے اعلان کے باعث دنیا بھر میں پچھلے کافی عرصے سے مندی کا بحران جاری ہے جس کے باعث نیویارک کاٹن ایکسچینج میں روئی کی قیمتیں پچھلے پانچ سال کی کم ترین سطح تک گر گئی ہیں جس کے اثرات نے پاکستان سمیت دنیا بھر کی کاٹن مارکیٹس کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جس کے باعث دنیا بھر میں کپاس کی قیمتوں میں تاریخی مندی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

تاہم بھارتی حکومت نے اپنے کسانوں کی فی ایکڑ آمدنی میں خاطر خواہ اضافے کے لیے ایک انتہائی مثبت فیصلہ کرتے ہوئے کسانوں سے امدادی قیمت پر لامحدود پھٹی خریدنے کا فیصلہ کیا ہے اور بیشتر بھارتی ریاستوں میں کاٹن کارپوریشن آف انڈیا (سی سی آئی) نے کسانوں سے امدادی قیمت 4050 روپے فی 100 کلو کے حساب سے پھٹی خریداری شروع کر دی ہے جس کے باعث گزشتے ہفتے کے دوران بھارت دنیا بھر میں وہ واحد ملک تھا جہاں کپاس کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان دیکھا گیا تاہم سی سی آئی کی طرف سے کسانوں سے خریدی جانے والی پھٹی کے باعث بھارتی روئی کے ذخائر میں ہونے والے غیر معمولی اضافے سے مستقبل میں بھارت سمیت دنیا بھر میں روئی کی قیمتوں میں اس کے منفی اثرات سامنے آ سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :