Live Updates

مئی 2013ء کے انتخابات کے دوران دھاندلی تو پیپلز پارٹی کے خلاف ہوئی، سینیٹر سعید غنی ،

عمران خان خیبرپختونخواہ کے انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کو اس لئے تسلیم کرنے سے انکار کر رہے ہیں کیونکہ وہاں حکیم اللہ محسودچیف الیکشن کمشنر تھے

جمعہ 28 نومبر 2014 22:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28نومبر 2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر سعید غنی نے کہا ہے کہ مئی 2013ء کے انتخابات کے دوران دھاندلی تو پاکستان پیپلز پارٹی کے خلاف ہوئی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جن لوگوں نے مل کر انتخابی نتائج چوری کئے آج آپس میں لڑ رہے ہیں۔ عمران خان کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان خیبرپختونخواہ کے انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کو اس لئے تسلیم کرنے سے انکار کر رہے ہیں کیونکہ وہاں حکیم اللہ محسودچیف الیکشن کمشنر تھے۔

(جاری ہے)

سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ سندھ میں ضمنی انتخابات فوج کی نگرانی میں ہوئے اور پاکستان پیپلز پارٹی نے ضمنی انتخابات جیتے جس کا ثبوت سانگھڑ میں شازیہ مری اور شکارپور میں آفتاب شعبان میرانی کی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے تحفظات کے باوجود انتخابی نتائج تسلیم کئے تاکہ جمہوریت کا تسلسل برقرار رہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جنرل مشرف کے فراڈ ریفرنڈم کے دوران چیف پولنگ ایجنٹ اور سپورٹر تھے۔ انہوں نے کہا کہ 2008ء کے انتخابات کے دوران بائیکاٹ ڈرامہ میں بھی عمران خان کا اہم کردار تھا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات