خیبر پختونخواسے کل لاکھوں لوگ اسلام آباد جلسے میں شرکت کیلئے جائیں گے،خالدمسعود

ہفتہ 29 نومبر 2014 17:39

پشاور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 29نومبر 2014ء) تحریک انصاف کے صوبائی جنرل سیکرٹری خالد مسعود نے کہا ہے کہ آج خیبر پختونخوا سے لاکھوں لوگ اسلام آباد جلسے میں شرکت کیلئے جائیں گے۔آج کا احتجاج تحریک انصاف نہیں بلکہ پاکستان کی عوام کر رہی ہے ،تحریک انصاف کے کارکنان کے علاوہ عوام بھی بڑی تعداد میں اسلام آباد میں احتجاج کرنے جائیں گے۔ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا سے لاکھوں لوگ آج اسلام آباد میں جعلی و غیر آئینی حکومت کیخلاف احتجاج کرنے جائیں گے ۔

یہ احتجاج اب پاکستان کے عوام نے اپنے ہاتھوں میں لے لیاہے اور وہی اسے اپنے منطقی انجام تک پہنچائیں گے ۔انھوں نے کہا کہ ضلع پشاور سے ہزاروں کارکنان براستہ موٹر وے ٹول پلازہ صبح گیارہ بجے اسلام آباد روانہ ہونگے جبکہ مردان،صوابی،چارسدہ اور نوشہرہ کے ہزاروں کارکنان بھی راستے میں موٹر وے پر پشاور سے چلنے والے قافلے میں شامل ہو جائیں گے ۔

(جاری ہے)

اسی طرح تحریک انصاف کے صوبائی صدر اعظم سواتی کی قیادت میں ہزاروں کارکنان کا قافلہ ہزارہ ڈویژن سے چلے گا اور راستے میں قافلوں کیساتھ شامل ہو گا۔جنوبی اضلاع سے آنیوالے قافلے فتح جنگ پل سے ہوتے ہوئے اسلام آباد پہنچیں گے ۔انھوں نے کہا کہ تیس نومبر جعلی اور غیر آئینی حکومت کیخلاف جدوجہد کا دن ہے پاکستانی قوم اپنا حق حاصل کرنے کیلئے تیس نومبر کو عوامی سونامی بن کر اسلام آباد سے ٹکرائیں گے۔انھوں نے کہا کہ آج کا عوامی سمندر موجودہ حکمرانوں کو خس و خاشاک کی طرح بہا لے جائیگا۔

متعلقہ عنوان :