تحریک انصاف کی شہر میں گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ کی مذمت ، حکومت پر شدید تنقید،

ایسے اوچھے ہتھکنڈے پی ٹی آئی کے کارکنوں کے حوصلے پست نہیں کرسکتے‘ عبدالعلیم خان

ہفتہ 29 نومبر 2014 22:36

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 29نومبر 2014ء ) تحریک انصاف ضلع لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے شاہدرہ، ٹھوکر نیاز بیگ اور لاری اڈا سمیت شہر میں گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ کی مذمت کرتے ہوئے حکومت پر شدید تنقید کی ہے انہوں نے کہا کہ ایسے اوچھے ہتھکنڈے پی ٹی آئی کے کارکنوں کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔انشاء اللہ 30نومبر کو عمران کے ٹائیگرز بڑی تعداد میں اسلام آباد پہنچیں گے اور حکومت کی کسی رکاوٹ کو خاطر میں نہیں لائیں گے۔

تحریک انصاف لاہور نے اسلام آباد روانگی کے تمام انتظامات مکمل کرلیے جبکہ شہر سے متعدد قافلے ایک دن پہلے ہی روانہ ہوچکے ہیں اور شہر کے مختلف علاقوں سے پی ٹی آئی کے ورکرز دیگر شہروں کے ذریعے دھرنے میں شمولیت کرینگے تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی ضلع لاہور کی طرف سے موٴثر منصوبہ بندی کے باعث پارٹی نے ٹاوٴن کی سطح پر اسلام آباد کے احتجاج میں شامل ہونے کے انتظامات کیے تھے اور ہر ٹاوٴن کی لیڈر شپ کو امیدواران قومی و صوبائی اسمبلی اور ٹاوٴن صدور کی شکل میں دو حصوں میں تقسیم کیا گیا تھا جو علیحدہ علیحدہ اسلام آباد کے دھرنے میں شامل ہونگے۔

(جاری ہے)

جبکہ پی ٹی آئی لاہور کا مرکزی جلوس 30نومبر صبح 8 بجے قذافی اسٹیڈیم سے عبدالعلیم خان کی قیادت میں روانہ ہوگا۔دریں اثناء پی ٹی آئی لاہور ویمن ونگ کا اجلاس شعیب صدیقی کی سربراہی میں منعقد ہوا جنہیں ڈاکٹر زرقا نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خواتین کی تیاری مکمل ہے اور لاہور کی ہر یونین کونسل سے عورتوں کی بڑی تعداد اسلام آباد پہنچے گی پی ٹی آئی گلبرگ آفس میں پارٹی کے متعدد اجلاس منعقد ہوئے جس میں میاں اسلم اقبال، میاں حامد معراج، جمشید چیمہ، سردار کامل عمر، میاں افتخار، یامین ٹیپو، مہر واجد عظیم، انیس علی ہاشمی، شیخ عامر، فرخ جاوید مون، میاں جاوید علی، ڈاکٹر زرقا، شرکت کی۔

جنہوں نے عبدالعلیم خان کو اپنے اپنے علاقوں سے 30نومبر کے احتجاج میں شمولیت کے حوالے سے بریفنگ دی۔