ڈاکٹر خالد محمود سومرو کے قاتلوں کی گرفتاری تک احتجاج جاری رہے گا،قاری محمدعثمان

پیر 1 دسمبر 2014 17:23

کراچی(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ یکم دسمبر 2014ء) جمعیت علماء اسلام صوبہ سندھ کے نائب امیر قاری محمد عثمان نے کہا کہ علامہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو کے قاتلوں کی گرفتاری تک احتجاج جاری رہے گا۔ 4دسمبر بروز جمعہ یوم احتجاج ہوگا۔ کراچی میں احتجاجی مظاہرے کے انتظامات کے لئے مشاورتی اجلاس کل منگل کو الجمعیة سیکریٹریٹ میں منعقد ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاڑکانہ میں جمعیت علماء اسلام کی مرکزی مجلس عاملہ اور صوبائی مجلس عاملہ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کے بعد جے یو آئی کراچی کے رہنماء قاضی امین الحق آزاد سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ علامہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو کی شہادت صرف جمعیت علماء اسلام کے لئے ہی نہیں بلکہ دینی طبقے کے لئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔

(جاری ہے)

ملک ایک عظیم محب وطن رہنماء سے محروم ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت زبانی دعووں کے بجائے قاتلوں کو گرفتار اور ان کے سرپرستوں کو بے نقاب کرے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو کے قتل کی اصل ذمہ دار حکومت سندھ ہے۔

باربار توجہ دلانے کے باوجود صوبائی حکومت نے علامہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو کی سیکورٹی کے لئے موٴثر اقدامات نہیں کئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ اب خواب غفلت سے بیدار ہوجائیں ۔اور علامہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو کے قاتلوں کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائیں ۔بصورت دیگر جمعیت علماء اسلام سندھ حکومت کو ہی علامہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو کا قاتل سمجھے گی۔

انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام علامہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو کے سفاک قاتلوں کی گرفتاری تک احتجاج جاری رکھے گی۔ آئندہ جمعہ کو یوم احتجاج ہوگا۔ اس موقع پر احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے ۔ جبکہ کراچی میں احتجاجی مظاہرے کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے تمام اضلاع کے امراء و نظماء کا مشترکہ اجلاس 2دسمبر منگل کو الجمعیة سیکٹریٹ بالمقابل جامعة العلوم الاسلامیہ علامہ بنوری ٹاوٴن کراچی میں طلب کرلیا گیا ہے۔ جس میں ۴دسمبر کے احتجاجی مظاہرے کے انتظامات کو آخری شکل دی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :