شاعر مشرق، مفکر پاکستان علامہ اقبال کے تمام بنیادی تصورات پر پنجاب یونیورسٹی کا بارہ سالہ تحقیقی منصوبہ مکمل،

پنجاب یونیورسٹی مسندِ اقبال کے زیر اہتمام اقبالیات پر سب سے بڑے انسائیکلو پیڈیا کی تکمیل

منگل 2 دسمبر 2014 19:56

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 02 دسمبر 2014ء) پنجاب یونیورسٹی مسندِ اقبال کے زیر اہتمام پروفیسر ڈاکٹر سید محمد اکرم شاہ کی نگرانی میں اقبالیات پر سب سے بڑے انسائیکلو پیڈیا 12 سال کی مسلسل اور انتھک محنت کے بعد پایہ تکمیل کو پہنچ چکا ہے۔ تین جلدوں پر مشتمل انسائیکلو پیڈیا شاعر مشرق اور مفکر پاکستان علامہ اقبال کے تمام بنیادی تصورات پر مبنی ہے جس میں اقبال شناسوں کے مقالات بھی شامل ہیں۔

اس سلسلے میں ”دائر ہ معارف اقبال “ کی تیسری جلد کی تقریب رونمائی پنجاب یونیورسٹی اورینٹل کالج کے شیرانی ہال میں منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجاہدکامران نے کی ۔ اس موقع پرڈین فیکلٹی آف اورینٹل لرننگ اور پرنسپل اورینٹل کالج پروفیسر ڈاکٹر عصمت اللہ زاہد، پروفیسر ڈاکٹر سید محمد اکرم شاہ، ڈاکٹر خواجہ محمد ذکریا،ڈاکٹر ظہور احمد اظہر، ڈاکٹر محمد سلیم اختر،ڈاکٹررفیع الدین ہاشمی ڈاکٹر مطہر معین، ڈاکٹر معین نظامی، ڈاکٹر محمد کامران، ڈاکٹر نصرت یاسمین نثار ،سید مرغوب حسین ، فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مجاہد کامران نے ڈاکٹر سید محمد اکرم شاہ کو ایک عظیم تحقیقی کام سرانجام دینے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہاکہ اقبال کے کلام میں کائنات اور خالق کائنات سے تعلق واضح طور پر بیان کیا گیا ہے۔ اقبال کے افکار نے کئی ممالک کو متاثرکیا۔ ان کا کلام خود بخود دل میں اتر جاتا ہے۔ انہوں نے طلباء کو نصیحت کی کہ وہ مطالعے کی عادات اپنائیں کیونکہ اقبال کہہ گئے تھے کہ ہم سے دنیا کی امامت کا کام لیا جائے گا۔

انہوں نے حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ سستی کتب کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ مطالعے کی عادات کو فروغ دیا جا سکے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خواجہ محمد زکریا نے کہا کہ علامہ اقبال نے انگریزی ، اردو اور فارسی زبان میں لکھا ۔ انہوں نے طلباء کو نصیحت کی کہ علامہ اقبال کی اصطلاحات کو غور سے سمجھیں۔ اقبال کے کلام کی روشنی میں مسائل کے حل کے لئے عقل کا استعمال کریں اور تکمیل کے لئے عشق کا جذبہ استعمال کریں۔

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال سٹیٹس کو کا خاتمہ اور تبدیلی چاہتے تھے۔ انہوں نے اپنی شاعری میں انقلاب کے ساتھ ساتھ ارتقاء کے الفاظ بھی استعمال کئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سید اکرم شاہ نے کہا کہ” دائرہ معارف اقبال “کی تینوں جلدوں میں علامہ اقبال کے افکار سے متعلق 372 اہم اور بنیادی موضوعات کا احاطہ کیا گیا ہے اور یہ اقبالیات پر سب سے بڑا انسائیکلو پیڈیا ہے۔ انہوں نے انسائیکلو پیڈیا کی تکمیل میں مکمل امداد فراہم کرنے پر وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر پرنسپل اورینٹل کالج ڈاکٹر عصمت اللہ زاہد اور رفیع الدین ہاشمی نے مجموعے کو اقبالیات کی تاریخ میں سنگ میل قرار دیا۔