ڈائریکٹریٹ ہیلتھ سروسز فاٹا نے عوام کو صحت کی معیاری سہولیات فراہم کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے، ترجمان ڈائریکٹریٹ ہیلتھ فاٹا

ہفتہ 6 دسمبر 2014 17:44

پشاور (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 06 دسمبر 2014ء) ڈائریکٹریٹ ہیلتھ سروسز فاٹا نے عوام کو صحت کی معیاری سہولیات فراہم کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے اس سلسلے میں ہیلتھ سیکٹر ریفارمز یونٹ فاٹا نے بنیادی مرکز صحت میں کام کرنے والا عملہ کی استعداد بڑھانے کے لئے مختلف موضوعات پر مختصر دورانیے کی ٹریننگز کا اہتمام کیا ہے ۔ ڈائریکٹریٹ ہیلتھ فاٹا کے ترجمان کے مطابق ٹریننگز میں دور دراز علاقوں میں کام کنے والی لیڈی ہیلتھ وزیٹر کے لئے پانچ روزہ ٹریننگ ورکشاپ پریکٹیکل ایمرجنسی مینجمنٹ فار میٹرنل کے موضوع پر جرمن ادارے جی آئی زیڈ کے تعاون سے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کے گائنی اے وارڈ میں منعقد ہوئی ٹریننگ کے لئے فاٹا سیکرٹریٹ اور ایل آر ایچ کے درمیان ایک باقاعدہ ایم او یو سائن ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

ورکشاپ کے اختتام پر ایک تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں کورس ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر صداقت جبین  انچارج گائنی اے یونٹ ایل آر ایچ نے شرکاء کو زچگی کے دوران صحت کی معیاری سہولیات مہیا کرنے پر زور دیا ہیلتھ ڈائریکٹریٹ کی جانب سے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر انیسہ آفریدی نے فاٹا میں صحت کی معیاری سہولیات دینے کے عزم کا اظہار کیا اور مزید بتایا کہ بنیادی مراکز صحت میں صحت کی معیاری سہولیات دینے سے شہر کے بڑے ہسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ کم ہو گا اور زچگی کے دوران ماؤں کی اموات کی شرح میں کمی آئے گی آخر میں ہیلتھ سیکٹر ریفارمز یونٹ فاٹا کی جانب سے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر انور علی نے ٹریننگ کے کامیاب انعقاد پر تمام عملے  ٹریننگ کے شرکاء خصوصاً جی آئی زیڈ کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :